مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے، پاکپتن، میاں چنوں میں ہلاکتوں کی انکوائری ہو گی: فیاض الحسن
لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیراطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے پاکستان اور پنجاب کے عوام نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جو واضح مینڈیٹ دیا اس کی لاج رکھیں گے اور عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ہماری حکومت ایمانداری، صلاحیت اور احساس ذمہ داری کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آگے بڑھے گی اور ہمارے قائد عمران خان نے یہی ویژن دیا ہے۔ ہماری حکومت اپنی ذات، خاندان یا ذاتی معاش کو پروان چڑھانے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرے گی۔ ہمارا پہلا اور آخری مقصد پنجاب اور پاکستان کے عوام کی خدمت، پاکستان کی بقاء اور معیشت کی بحالی ہے جس کے لئے اپنی جان لڑا دیں گے۔ محکمہ تعلقات عامہ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان آج 92سے 97ارب ڈالر کا مقروض ہے اور اس کی برآمدات 19ارب ڈالر پر آ گئی ہیں جو پہلے 37ارب ڈالر تھیں۔ ہر سال اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور کرپشن ہو رہی ہے۔ جس کی وجہ سابق حکمرانوں کی اقرباپروری کی سیاست اور کرپشن ہے۔ سابق دور حکومت میں مخالفین کی ذاتی زندگیوں پر تنقید کی جاتی رہی۔ انشاء اللہ اب عمران خان کی قیادت میں بننے والی حکومت کے دور میں ایسا نہیں ہو گا۔ گڈگورننس کی چھتری تلے بُری طرزحکومت کا طوفان اٹھایا گیا۔ پولیس، صحت، واسا، تعلیم، زراعت، صنعت اور کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں تباہ حالی کی داستانیں رقم نہ کی گئی ہوں۔ ہزاروں کی تعداد میں پولیس فورس صرف نوازشریف خاندان کی حفاظت اور پروٹوکول پر مامور تھی۔ غلط کاموں پر ہلاشیری دینا پی ٹی آئی کا کلچر نہیں۔ ہم سے کہیں غلطی ہوئی تو اس کا جائزہ لیں گے تاکہ دوبارہ وہ غلطی سرزد نہ ہو۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ڈی پی او رضوان گوندل کا معاملہ محکمانہ ہے اور آئی جی نے اپنے طور پر ایکشن لیا ہے۔ بنی گالا یا وزیراعلیٰ آفس کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔ واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ جو بھی حقائق سامنے آئیں گے ان کے مطابق کارروائی ہو گی۔ ایک اور سوال پر کہا نوازشریف کو منی لانڈرنگ اور کرپشن کرنے پر سزا ہوئی اور اسی بنا پر ان کا نام ای سی ایل پر ڈالا گیا ہے۔ مزید براں انہوں نے کہا پاکپتن اور میاں چنوں میں بچوں کی ہلاکتوں کی انکوائری کی جائے گی اور کوتاہی ثابت ہونے پر طبی عملے کے خلاف کارروائی ہو گی۔ انہوں نے کہا ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکپتن اور میاں چنوں کے ہسپتالوں میں کسی کو علاج معالجے کی سہولت حاصل کرنے سے نہیں روکا گیا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے باضابطہ طور پر اپنی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ محکمے کے افسروں کے ساتھ تعارفی اجلاس کے موقع پر سیکر ٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب بلال احمد بٹ نے صوبائی وزیر کو محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔