• news

آزادانہ‘ منصفانہ انتخابات کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی: پیپلز پارٹی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے الیکشن مانیٹرنگ کمیٹی کے مرکزی انچارج تاج حیدر نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ 2018ء کے انتخابات میں پارٹی کے جن امیدواروں نے انتخابات میں بدعنوانی کے خلاف قانونی اقدام کیا ہے ان کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 249 سے پارٹی کے امیدوار غلام قادر مندوخیل نے پی ٹی آئی کے کامیاب ہونے والے امیدوار کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی ہے کہ پی ٹی آئی کے امیدوار نااہل ہیں اور انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں سنجیدہ غلط بیانیاں کی ہیں۔ غلام قادر مندوخیل نے پریزائیڈنگ افسران کے خلاف بھی مقدمات دائر کئے ہیں کہ انہوں نے انکے پولنگ ایجنٹوں کو یرغمال بنایا اور گنتی کے وقت انہیں کمروں میں بند کر دیا گیا۔ غلام قادر مندوخیل کو مستقل دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ وہ اپنے مقدمات واپس لیں ورنہ انہیں شدید نقصانات پہنچائے جاسکتے ہیں۔ تاج حیدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت اور آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے ڈٹ کر کھڑی ہوئی ہے۔ دھمکیاں پارٹی کو ڈرانے میں ناکام ہوں گی اور پارٹی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن