ہیلی کاپٹر پر 55 روپے میں سفر ناممکن، نواز شریف کی رہائی میں کردار ادا نہیںکرسکتا، صدر ممنون
لندن (نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ صدارتی مدت ختم ہونے کے بعد اڈیالہ جیل میں نواز شریف سے ملاقات کرنے جائوںگا، نواز شریف کی رہائی میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتا، صدارتی انتخاب سیاسی جماعتوں کا کام ہے اس میں میرا کوئی کردار نہیں۔ بدھ کو پانچ روزہ دورہ کے بعد وطن واپس روانہ ہوتے ہوئے انہوں نے لندن میں پاکستان روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ 55 روپے میں ہیلی کاپٹر پر ایک کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنا ناممکن ہے۔ الیکشن میں دھاندلی پر پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے اعتراضات ہیں۔ الیکشن کمشن اور حکومت سیاسی جماعتوں کو مطمئن کرے۔ نئی حکومت کے ٹوٹنے یا ختم ہونے سے متعلق بات کرنا قبل ازوقت ہے۔ دریںاثنا صدرمملکت ممنون حسین 5 روزہ نجی دورے کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئے۔ پاکستانی ہائی کمشنر صاحبزادہ احمد خان نے صدر ممنون کورخصت کیا۔