انٹرپول نے مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کردیا، سیکرٹری داخلہ:کیا حکومت مقدمہ واپس لینا چاہتی ہے، خصوصی عدالت
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت میں مشرف کی عدم حاضری پر 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کے لئے طریقہ کار طلب کر لیا۔جسٹس یاور علی نے کہا کہ کیا سکائپ پر بیان ریکارڈ کیا جاسکتا ہے یا پھر عدالت تین سو بتالیس کا بیان ریکارڈ کیے بغیر کارروائی آگے بڑھا سکتی آئندہ سماعت پر مقدمہ کے وکلاء قانونی نکات پر دلائل دیں۔ سیکرٹری داخلہ نے عدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرپول نے ملزم پرویز مشرف کی واپسی کے حوالے سے معاونت سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی نوعیت کے مقدمات میں ریڈ وارنٹ جاری نہیں کیئے جاسکتے۔ عدالت نے لیٹر کی کاپی طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 10ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر نے موقف اختیار کیاکہ پرویزمشرف کی وطن واپسی کے لیے انٹرپول کو خط لکھاہے انٹرپول نے مشرف کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ جسٹس یاور علی نے کہاآپ نے خط کی کاپی کیوں نہیں لگائیئ،آپ انٹرپول کے خط کی کاپی عدالت میں پیش کریںسیکرٹری داخلہ نے کہا کہ لکھا گیا خط عدالت میں جمع کرادیں گے۔ جسٹس یاور علی نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس کیس کو حتمی نتیجے تک پہنچانا چاہتی ہے۔ کیا حکومت مقدمہ واپس لینا چاہتی ہے۔ آئندہ سماعت پر اگر مشرف نہیں آتے تو بتایا جائے کہ کیس کو کیسے حتمی نتیجے تک پہنچایا جائے۔ پراسکیوٹر اکرم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے مقدمے سے علیحدگی درخواست دائر کی ہے اکرم شیخ کا کہنا تھاکہ نئی حکومت آچکی ہے کیس چلانے یا نہ چلانے کا فیصلہ اب حکومت نے کرنا ہے۔ اس مقدمے میں مشرف کے وکلا بھی اب حکومت میں آچکے ہیں۔ وزارت داخلہ اب اس حوالے سے بہتر فیصلہ کرسکتی ہے۔ اس بنیاد پر پراسکیوشن سے دستبردار ہوا۔ جسٹس یاور علی نے کہا کہ آپ کو پہلے عدالت کو استعفے سے متعلق آگاہ کرنا تھا ، اکرم شیخ نے کہا کہ انہیں وفاق حکومت نے پراسیکیوٹر مقرر کیا تھا ،نو ٹیفیکشن جاری ہونے پر وہ عدالت میں جمع کرادیتے ، ان کا استعفیٰ ابھی زیر التواء ہے ، اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں تقریبا پانچ سال جان ہتھیلی پر رکھ کر کیس لڑا ہے۔ عدالت نے اکرم شیخ کو پراسکیوشن سے دستبرداری کی اجازت دے دی۔ شہری شاہد اورکزئی کی اکرام شیخ کو پراسیکیوٹر مقرر کرنے کے خلاف دائر درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔ سیکرٹری داخلہ نسیم یوسف کھوکھر نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ انٹر پول نے مشرف کے خلاف سیاسی کیس میں ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کیا ہے، شکایت واپس لینے کے حوالے سے بات نہیں ہوئی ،کیس میںنئی صورتحال کے حوالے سے حکومت فیصلہ کرے گی ،استغاثہ کے وکیل اکرم شیخ کے استعفے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر قانون کی مشاورت سے نیا پراسیکیوٹر مقرر کیا جائے گا۔