• news

مریم نواز کے بارے میں فواد چودھری کا بیان عمران خان کو 55 روپے میں وزیراعظم آفس لانے جیسا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چودھری وزیر اطلاعات بنیں، تحریک انصاف کے ترجمان نہیں، بطور ترجمان تحریک انصاف بار بار جھوٹ بول کے کام چلایا جا سکتا تھا اب ویسے بات نہیں بنے گی، دوسروں کے منصوبوں پر اپنے نام کی تختی نہ لگائیں، نئے منصوبے لائیں، جن کا عوام سے آپ نے وعدہ کیا ہے، حکومتی بیانات سے لگتا ہے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر گوگل پر تلاش کرنے پڑیں گے، پیمرا کی تشکیل نو کسی کی خواہش پر نہیں، آئینی و قانونی طریقہ کار سے ہی ہو سکتی ہے، میڈیا کی آزادی سلب کرنے کیلئے مزید کوئی کالا قانون نہیں لانے دیں گے۔ بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ شریف خاندان کیخلاف سیاست سے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر نہیں مل سکتے، سینٹ کے معزز ایوان اور کنٹینر پر کھڑے ہوکر بولنے کے فرق کو سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے بارے میں آپ کا بیان ایسے ہی ہے جیسے عمران صاحب 55روپے میں بنی گالا سے وزیراعظم آفس آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فواد چودھری صاحب پی ٹی وی پارلیمنٹ کا مئی 2018 میں افتتاح ہو چکا ہے جس کے ذریعے آج آپ کی آواز عوام تک پہنچ رہی ہے اس کا دوبارہ افتتاح کرنے کی ضرورت نہیں، اعلانات اور دعوئوں سے پہلے بہتر ہوگا کہ آئین و قانون کا مطالعہ کرلیں تاکہ بعد میں شرمندگی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ فواد صاحب اکیسویں صدی کے گوئبلز نہ بنیں، گزشتہ دس دن میں ریاستی اور حکومتی امور کیساتھ ہونیوالے مسخرہ پن اور جگ ہنسائی پر عوام حیران و پریشان ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن