کرپشن کا خاتمہ ، بلا تفریق احتساب ترجیح، نیب کو مکمل سپورٹ کرینگے: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ملاقات کی، چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ، شفافیت کا فروغ اور بدعنوان و کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نیب کو مزید مضبوط بنانے اور ادارے کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ہر ممکنہ سپورٹ فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے نیب کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور شفافیت کا فروغ چاہتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے پاور سیکٹر کے ایشوز، ٹیرف کی بہتری سمیت مختلف مسائل کے حل کیلئے ٹاسک فورس قائم کردی۔ وزیراعظم نے ’’ہنڈی‘‘ پیسے کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے اور سمگلنگ کی روک تھام کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم عمران خان کو تجارت اور پاور سیکٹرز کے ایشوز کے حوالے سے الگ الگ تفصیلی بریفنگ دی گئیں۔ تجارت کے حوالے سے بریفنگ کے سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ نے وزارت تجارت اور اس سے منسلک اداروں کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ برآمدات میں اضافہ کے لئے قلیل اور طویل المیعاد اقدامات پر مبنی تجاویز دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری طبقہ کو سہولت دینا اور خصوصی طور پر اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا جو مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے موجودہ ڈھانچہ کو بہتر بنایا جائے گا۔ بیرون ملک تعینات ٹریڈ آفیسرز کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اس سلسلے میں کرائی ٹیریا اور کارکردگی کے تجزیہ پر نظرثانی کی جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رقم کی غیر قانونی طریقے سے ہنڈی کے ذریعہ منتقلی روکنے کے لئے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔ دریں اثناء سیکرٹری پاور نے پاور سیکٹرز کے حوالے سے بریفنگ دی اور انہوں نے بجلی کے لائن نقصانات اور سرکلر ڈیٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ سرکلر ڈیٹ 1.18 ٹریلین ہوچکا ہے۔ انہوں نے بجلی کی جنریشن، ٹرانسمشن اور تقسیم کے متعلق ایشوز پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیراعظم عمران خان نے موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے بجلی چوری اور بڑھتے ہوئے سرکلر ڈیٹ پر بھی اظہار تشویش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی خراب حکمرانی، کرپشن اور ناقص پالیسیوں کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے جس کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا پاور سیکٹرز کے ایشوز کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک ٹاسک فورس قائم کی جارہی ہے جو شعبہ جاتی ایشوز، سسٹم کو بہتر بنانے، ٹیرف کی بہتری اور پاور سیکٹرز کے نقائص کو دور کرنے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کرے گی۔