فضل الرحمن کو اقتدار سے پیار‘ زرداری کی نظر اگلے الیکشن پر ہے:حامد رضا
لاہور(خصوصی نامہ نگار )سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ن لیگ نے یوم آزادی کے منکر کو صدارتی امیدوار نامزد کر کے قائداعظم کی روح کو تڑپا دیا ہے۔ فضل الرحمن کو صرف اقتدار سے پیار ہے۔ آصف علی زرداری کی نظر 2023 کے الیکشن پر ہے۔ 6 ستمبر کا دن پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان شہدائے وطن کے مزاروں پر حاضری دیں گے اور شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کریں گے۔ فوجی شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ صدارتی الیکشن میں اپوزیشن کی دال گلتی نظر نہیں آتی۔ ملک کی ترقی کے لئے حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا ہو گا۔