• news

قوم کی مدد سے چینلجز پر قابو پائیں گے : عمران خان‘ توقعات پوری کرینگے : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ فوج کی استعداد اور صلاحیت برقرار رکھنے کیلئے اسے تمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوںنے جمعرات کے روز جی ایچ کیو کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ وزیر اعظم بننے کے بعد ان کا بری فوج کے ہیڈ کوارٹرز کا یہ پہلا دورہ تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، نامزد وزیر مملکت برائے داخلہ بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ جی ایچ کیو آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سینئر فوجی حکام نے وزیر اعظم کا خیر مقدم کیا۔ ایک فوجی دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ وزیر اعظم نے یادگار شہداءپر چادر چڑھائی جس کے بعد پرنسپل سٹاف افسران سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ بعدازاں، وزیر اعظم اور ان کے وفد کو سلامتی کے ماحول، خطرات اور جواب کی نوعیت کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد، خوشحال بلوچستان پروگرام میں پیشرفت اور کراچی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں، عمدہ مورال اور تیاریوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا پاکستان کو داخلی اور بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے لیکن عوام کی تائید اور مربوط قومی اپروچ کے ذریعہ ان مسائل پر کامیابی سے قابو پا لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ فوج کو درکار تمام وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ اس کی استعداد اور صلاحیت برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ بلندی سے ہمکنار ہونا پاکستان کا مقدر ہے اور ہم مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے اقوام عالم کی صفوں میںضرور اپنا مقام حاصل کریں گے۔ آرمی چیف نے جی ایچ کیو آمد پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ مادر وطن کی حفاظت کیلئے فوج تمام تر قیمت ادا کر کے اور ہر قسم کی قربانی دے کر کے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان جمعرات کی صبح پونے دس بجے جی ایچ کیو پہنچے اور سہ پہر کے بعد واپس اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کو ملکی سکیورٹی حکمت عملی، دفاع اور دیگر اہم امور پر8 گھنٹے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور کہا پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ قوم کی حمایت سے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں اور کردار قابل فخر ہے۔ وزیراعظم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا اور کہا آگے بڑھنا پاکستان کا مقدر ہے، ملک انشاءاللہ ابھرے گا، حکومت پاک فوج کی قابلیت، صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل مہیا کرے گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کیلئے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی، ہر قیمت اور قربانیوں سے مادر وطن کی حفاظت کی جائے گی۔ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔ آن لائن/ این این آئی کے مطابق اس موقع پر عمران خان نے کہا دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے جی ایچ کیو کا دورہ زبردست رہا۔ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے۔ ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا جی ایچ کیو میں تفصیلی بریفنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تمام اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون سے درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا وزیراعظم اور آرمی چیف میں ملاقات مثبت رہی۔ وزیراعظم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس بار حکومت اور فوج ایک پیج پر ہے اور کتاب بھی ایک ہے۔ عمران خان جو بھی کریںگے وہ پاکستان کیلئے ہوگا۔ موجودہ حکومت کی تمام پالیسیوں پر اداروں کے رائے شامل ہوگی۔ امریکہ خود الجھن کا شکار ہے کہ وہ افغانستان سے نکلنا یا موجود رہنا چاہتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ آرہے ہیں‘ دیکھتے ہیں وہ کتنی کلیئر سوچ کے ساتھ آرہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کو پارٹی کی طرف سے پیغام دیدیا گیا ہے۔ فیاض الحسن کی باتیں پارٹی کا مو¿قف نہیں‘ وہ دل کے بہت اچھے ہیں۔ مزید براں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کو دورہ جی ایچ کیو کے دوران قبائلی علاقوں کے دورے کی دعوت دی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو قبائلی علاقوں میں فارمیشنز کا دورہ کرانے کی دعوت دی گئی۔ پاک فوج کے آپریشنز اور دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقوں پر بریفنگ کی بھی پیشکش کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی دعوت قبول کرلی۔ وزیراعظم عمران خان جلد آرمی چیف کے ہمراہ قبائلی علاقوں کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم/ جی ایچ کیو

ای پیپر-دی نیشن