بھارت: برقع پوش خاتون نے امام مسجد کو کیمیکل چھڑک کر زندہ جلاڈالا
چنئی(آئی این پی )بھارتی شہر چنئی میں برقع پوش خاتون امام مسجد کو آگ لگا کر فرار ہو گئی، امام مسجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال کے راستے میں ہی دم توڑ گئے، پولیس خاتون کی شناخت اور قتل کے پیچھے کی وجہ بھی تلاش کر رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر چنئی کے تریپولین میں بڑی مسجد کے سامنے واقع دفتر میں امام مسجد سید فجرالدین بیٹھے ہوئے تھے جب کچھ برقع پوش خواتین وہاں داخل ہوئیں۔ ان میں سے ایک نے امام پر اچانک کیمیکل پھینک کر آگ لگا دی۔ واقعہ کے فورا بعد فجرالدین کو اسپتال لے جایا گیا لیکن انھیں بچایا نہ جا سکا۔ذرائع کے مطابق معاملہ پیر کی شب کا ہے جب مہلوک سید فجرالدین اپنے دفتر میں بیٹھے تھے اور یہ واقعہ پیش آیا۔پولیس کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ پیر کی شب تقریبا 8 بجے پانچ خواتین کے ساتھ ملزمہ بھی برقع پہن کر فجرالدین کے دفتر پہنچی۔ جب دیگر خواتین فجرالدین سے بات کر رہی تھیں تبھی ملزم خاتون نے ان کے اوپر ایک کیمیکل پھینک کر اس میں آگ لگا دی۔پویس نے مزید بتایا کہ سید فجرالدین کو آگ لگانے کے بعد خاتون وہاں سے بھاگنے لگی۔ اس دوران امام کے ایک دوست نے ملزمہ کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ بچ نکلی۔اس واقعہ میں امامِ مسجد بری طرح جھلس گئے تھے جنھیں فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لانے کی وجہ سے ان کا انتقال ہو گیا۔تریپولن پولیس نے قتل کا معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے لیکن قصوروار خاتون کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، پولیس خاتون کی شناخت اور قتل کی وجہ بھی تلاش کر رہی ہے۔
امام مسجد