• news

75سال سے زائد عمر افراد مفت سفر‘ 65سالہ کیلئے آدھا ٹکٹ ہوگا: وزیر ریلوے

کراچی (خبر نگار) ریلوے کی بحالی کیلئے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھنا ریلوے کی کھربوں روپے مالیت کی اراضی کو واگزار کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان سے بورڈ بنانے کی درخواست کروں گا کرپٹ و بدعنوان افسران کی ریلوے میں گنجائش نہیں 12سال قبل ریلوے کو جن مسائل کا سامنا تھا آج بھی وہی مسائل ہیں۔ 65 سال کی عمر کے لوگوں کا آدھا ٹکٹ کرنے کا اعلان کرتا ہوں سرکلر ریلوے کیلئے سندھ حکومت اور ایم کیو ایم جو حکمت عملی اختیار کرے گی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کینٹ اسٹیشن کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کی بہتری کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا۔ غفلت برتنے پر تین افسران کو عہدے سے ہٹادیا ہے۔ اور دو افسران کو ایک ماہ کی مہلت دی ہے۔ریلوے 20 کروڑ عوام کی سواری ہے اس میں تمام سفری سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر ریلوے نے کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے کہا کہ سندھ حکومت جیسا چاہئے گی ویسا ہی ہوگا۔ سرکلر ریلوے نے بغیر کراچی کے ٹریفک مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ سندھ سے اس سلسلے میں ملاقات کروں گا میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیر ریلوے نے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے اعلان کیا کہ آج سے ریلوے میں 75 سال سے زائد عمر کے افراد ریلوے میں مفت سفر کریں گے جبکہ 65 سال کی عمر کے افراد کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ 3افسران کو کوتاہی برتنے پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہے جبکہ دو افسران کو ایک ماہ کی مہلت دے کر جارہا ہوں ریلوے کے 42 ارب کے خسارے کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ 606 بوگیاں خراب ہیں جنہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 12 سالوں کے دوران ریلوے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی ہے آدھی سے زائد افسران نیب کی زد میں آئیں گے نیب جو انکوائری مانگ رہا ہے وہ اسے دے رہے ہیں ریلوے کی کھربوں روپے مالیت کی اراضی پورے ملک کا قرضہ اتار سکتی ہے وزیراعظم فیصلہ کرلیں کہ ریلوے کی زمین کس طرح واگزار کرائی جائے۔انہوں نے کہا کہ گرین لائن کی طرح ایک اور اچھی سپر ٹرین کراچی اسلام آباد کے لیے چلانا چاہتا ہوں ، مسافر موبائل فون پراپنی ٹرین کی پوزیشن دیکھ سکیں گے ،قوم تین چار ماہ کی مہلت دے ، گندی ٹرین کی حالت ٹھیک کروں گا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جی ایم ریلوے ڈی ایس کراچی ڈویژن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شیخ رشید احمد کی کراچی سٹی سٹیشن آمد پر گیٹ بند کردیا گیا جس سے مسافروں اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جمعرات کو شیخ رشید احمد کی کراچی سٹی سٹیشن پہنچے۔ ڈی ایس پی ریلوے آفس نے مرکزی گیٹ بند کردیا۔ ریلوے پولیس لوگوں کو ہٹانے لگی جس سے مسافروں اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ شیخ رشید اجلاس میں شرکت کے لئے کراچی گئے تھے۔ اجلاس میں شرکت پر ڈی ایس آفس کے دروازے بند کردیئے گئے جس سے نہ صرف ملازمین بلکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شیخ رشید

ای پیپر-دی نیشن