• news

چین نئی پاکستانی حکومت کی معاشی ترجیحات کو سی پیک کا حصہ بنا دیگا : سفیر

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر ژا¶ جنگ نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نومبر میں عوامی جمہوریہ چین کا دورہ کرینگے۔ چینی سفیر نے کہا کہ میری وزیراعظم‘ وزیر خارجہ‘ وزیر خزانہ اور وزیر منصوبہ بندی سے مفید ملاقات ہوئی ہے۔ پاکستان کی نئی حکومت چین کے ساتھ دوستی کو ترجیح دے رہی ہے۔ ایک سفارتی تقریب میں ”نوائے وقت“ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین تحریک انصاف کی حکومت کی معاشی ترجیحات کو سی پیک کے منصوبے کا حصہ بنائے گا۔ نئی پاکستانی حکومت برآمدات میں اضافہ چاہتی ہے چین اب پاکستان سے زیادہ سے زیادہ اشیاءدرآمد کرے گا تاکہ پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہو۔ چین پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرے گا۔ چونکہ موجودہ حکومت سماجی شعبہ کی ترقی پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ چینی سفیر سے پوچھا گیا کہ سی پیک منصوبے کے بارے میں موجودہ حکومت اتنی پرعزم ہے جتنی کہ ماضی کی حکومت تھی تو چینی سفیر نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی سی پیک منصوبے کو آگے بڑھانے کا بھرپور عزم رکھتی ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام کے مفاد میں ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے حال ہی میں سی پیک اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ پر بیجنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کو ان تمام ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند بنایا جائے گا جو ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں شراکت دار ہیں۔ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور اس پورے خطے کے مفاد کا منصوبہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چینی سفیر نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ سات ستمبر کو پاکستان کے دورے پر پہنچ رہے ہیں۔ چینی وزیر خارجہ اپنے دورے میں وزیراعظم اور دوسرے لیڈروں سے ملاقاتیں کریں گے اور ان سے علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی سفیر

ای پیپر-دی نیشن