جاپان کے خلاف شکست پر بہت زیادہ افسوس ہوا ہے:شہباز سینئر
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ جاپان کےخلاف شکست پر بہت زیادہ افسوس ہوا ہے۔ کھلاڑی شکست کو بھول کر بھارت کےخلاف تیسری پوزیشن کے لیے میدان میں اتریں اور برانز میڈل جیت کر واپس آئیں۔ حکومت اور فیڈریشن مشترکہ طور پر کوشش کرےگی تو ہاکی ٹھیک ہوگی بندے بدلنے سے ہاکی ٹھیک نہیں ہوگی۔ ایشین گیمز کے اختتام پر کوچ اور ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ کی روشنی میں مستقبل کی حکمت عملی اپنائی جائےگی۔ اولمپک کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اب نوجوان کھلاڑیوں پر فوکس کرنا ہوگا آٹھ دس سال سے ہاکی کھیلنے والے کھلاڑیوں سے ہم اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں۔ ایشین گیمز جیتنے کا ایک اچھا موقع تھا جسے کھلاڑیوں نے ضائع کر دیا۔ جاپان کےخلاف میچ میں کھلاڑیوں نے حریف ٹیم کو آسان لیا جس کا خمیازہ شکست کی صورت میں برداشت کرنا پڑا۔ اگر ہاکی کو درست کرنا ہے تو ہمیں بیسک سے شروع کرنا ہوگا جس کے لیے پڑے لکھے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانا ہوگا۔ فیڈریشن نے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی ناقص کارکردگی دکھانا افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں ایک کامیاب کھلاڑی رہا ہوں اب فیڈریشن میں آیا ہوں تو اس کھیل کو کسی طور پر نیچے نہیں لے جا سکتا۔