• news

نیوکلیئر ڈیل پر ایران کی حمایت کرتے ہیں‘ پاکستان : اسلام آباد کی کوششوں سے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہوا‘ جوادظریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی ہے اور ایرانی حکومت اور عوام کی طرف سے انہیں کامیابی پر مبارکباد دی۔ جواد ظریف نے کہا کہ ایران پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی کا پیغام وزیراعظم کو پہنچایا اور عمران خان کو ”ایشین کوآپریشن ڈائیلاگ“ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو اکتوبر 2018ءمیں تہران میں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان نے ایران کے روحانی رہنما رہنما آیت اللہ خامنہ ای کی طرف سے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور ایران تاریخی مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔ ایران سے تعلقات میں مزید بہتری کیلئے کام کریں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہاکہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کے امن اور استحکام کے لیے مخلص اقدامات کر رہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جنرل ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی جب کہ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور اسے تسلیم بھی کیا۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران دونوںممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو مزید بہتر انداز میں فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ دفترخارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد کسی بھی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ہم ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے اور ایران کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ خطے میں امن و امان اور خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کریں گے، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان ، ایرن کا خاص ہمسایہ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے، امن اور سیکیورٹی سے متعلق تعاون جاری رکھیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے ایرانی سپریم کمانڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ پاکستان کے سخت احتجاج کے باعث ہالینڈ میں ہونے والا گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ موخر ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو متحدہ ہوکر بین الاقوامی سطح پر اسلام مخالف ذہنیت سے نمٹنا ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفترخارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مذاکرات میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ، ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمود فیصل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی ہم منصب جواد ظریف کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ جواد ظریف نے کہاکہ پاکستان کے سخت احتجاج کے باعث گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ کر دیا گیا۔ مسلمان ممالک کو متحد ہوکر اسلام مخالف ذہنیت سے نبٹنا چاہئے۔ جواد ظریف نے گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ ہونے پر شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور ایران ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیر کے معاملے پر ایرانی سپریم لیڈر کی حمایت قابل قدر ہے۔ ایٹمی معاہدے پر ایران کے اصولی موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ توقع ہے معاہدے کے فریقین وعدوں پر پورا اتریں گے۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے یکطرفہ انحراف پر ایران کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ یقین دہانی پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے ساتھ مذاکرات میں کروائی۔ مذاکرات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات ہوئی جس میں افغانستان کی صورتحال اور جوہری معاہدے سے یک طرفہ امریکی انخلا شامل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے امید کا اظہار کیا ہے کہ جوہری معاہدے میں شامل دیگر فریق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نمٹائیں گے کیونکہ عالمی جوہری ادارے آئی اے ای اے نے کئی مرتبہ ایران کی جانب سے معاہدے کی پاسداری کی تصدیق کی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان اور ایران کے مابین مشترکہ سرحد پر شدت پسندوں کی موجودگی اور ایران گیس پائپ لائن اہم مسائل رہیں ہیں۔ مشترکہ بیان میں اس کے متعلق کوئی نئی بات نہیں کی گئی تاہم اس پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ سیاسی اور اقتصادی کمیشنوں کے اجلاس جلد طلب کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہالینڈ کے وزیر خارجہ کو دوسری بار ٹیلیفون کیا اور تہذیبوں کے درمیان روابط بڑھانے پر زور دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ رکوانے کیلئے دونوں حکومتوں کی کوششوں پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام مخالف اقدامات، آگاہی، دو تہذیبوں کے درمیان روابط قائم کرنے پر گفتگو کی اور مذہبی نفرت انگیزی پر قابو پانے پر زور دیا۔ انہوں نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی روک تھام کیلئے دونوں حکومتوں کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیرخزانہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے نئی حکومت کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ اسد عمر نے کہا کہ وزارت خزانہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور تجارت و توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔ علاوہ ازیں جاپان کے نائب وزیر خارجہ کازویوکی ناکانی نے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران دونوںممالک کے مابین دیرینہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جاپانی نائب وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ دفترخارجہ میں ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے جاپانی وفد سے ملاقات کے دوران جاپانی وفد کو خطے کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے گورادر پورٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوںنے بتا یا کہ کس طرح گوادر پورٹ کے قیام سے خطے کے ممالک آپس میں ملکر کام کرسکتے ہیں اور جنوبی ایشیا ئی ممالک میں امن وامان اورخوشحالی ہوگی۔وزیر خارجہ نے ملتان میں موسمی ریڈار نصب کرنے پر بھی جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن