• news

کراچی : پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کے 2 قاتلوں کو سزائے موت کا حکم ‘ 2 بری

کراچی (وقائع نگار+نوائے وقت نیوز) کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے دو ملزمان کوسزائے موت سنا دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے زہرہ شاہد قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر راشد ٹیلر اور زاہد عباس کو سزائے موت سنا دی گئی جبکہ کیس میں ملوث دیگر 2 ملزمان عرفان اور کلیم کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا گیا۔ رینجرز پراسیکیوٹر کے مطابق زہرہ شاہد کے قتل میں ملوث ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے اور ملزمان نے تفتیش کے دوران زہرہ شاہد کے قتل کا اعتراف بھی کیا تھا جبکہ قتل میں ملوث ملزمان کو گواہوں نے بھی شناخت کر لیا تھا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما زہرہ شاہد کو مئی 2013ء میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا اور حکام کی جانب سے ان کے قتل میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کے لئے 25 لاکھ انعام رکھا گیا تھا۔
زہرہ شاہد کیس

ای پیپر-دی نیشن