جوہر ٹاﺅن میں میاں بیوی دو بچے گھر میں مردہ پائے گئے
لاہور (سٹاف رپورٹر+خبرنگار) تھانہ جوہر ٹاﺅن کے علاقہ میں 4 افراد گھر میں پراسرار طور پر ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونیوالوں میں میاں بیوی، 2 بیٹے شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چاروں افراد کو زہریلی چیز کھلا کر قتل کیا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی افراد کی موت گھر میں موجود گیس والی استری سے گیس لیکج سے ہوئی ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ تھانہ جوہر ٹاﺅن کے علاقہ وفاقی کالونی کے رہائشی 40 سالہ رضوان کے گھر کا دروازہ صبح دیر تک بند تھا اور کوئی موبائل نہیں اٹھا رہا تھا جس پر اس کے عزیز و اقارب اس کے گھر پہنچے تو دروازہ بند تھا جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر گھرکا دروازہ توڑ دیا اور اندر داخل ہونے پر معلوم ہوا 40 سالہ رضوان اس کی بیوی 30 سالہ سمیرا بی بی بیٹے 8 سالہ ارسال اور 6 سالہ ابوبکر مردہ حالت میں پڑے تھے۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے۔ چاروں افراد کی نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا دیں۔ بظاہر مرنے والوں کے جسم پر تشدد کے نشانات موجود نہیں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد حقائق معلوم ہو سکیں گے جس کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی تاہم گیس لیکج ہی موت کی اصل وجہ معلوم ہوتی ہے کیونکہ گزشتہ روز دن بھر گیس لیکج کا سلسلہ جاری رہا تاہم مختلف پہلوﺅں سے تفتیش جاری ہے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاﺅن میں ایک گھر سے 4 افراد کی نعشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ المناک واقعہ میں ملوث ملزموں کو جلد گرفتار کیا جائے۔
4 قتل