منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور‘ اعتزاز صدر بنیں گے‘ سیاستدانوں پر کوئی مقدمہ غیر سیاسی نہیں : زرداری
کراچی(آن لائن، صباح نیوز) اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ عدالت نے سابق صدر کو 20لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ساتھ کراچی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سماعت کے دوران عدالت نے سابق صدر کی ضمانت منظور کر لی اور 20لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔ آصف زرداری عدالت پہنچے تو صحافیوں نے انہیں گھیر لیا ہیلی کاپٹر کے سوال پر انہوں نے کہا آپ رکیں میں ہیلی کاپٹر پر واپس آتا ہوں۔ سابق صدر نے کہا اعتزاز احسن صدر بنیں گے۔ صحافی کے سوال پر کہا سیاستدانوں کیخلاف کوئی مقدمہ غیر سیاسی نہیں ہوتا۔ بینک کورٹ آمد کے موقع پر وہاں موجود ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ زرداری صاحب آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے جس پر سابق صدر نے اپنے مخصوص انداز میں مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ کچھ دیر رکیں میں ہیلی کاپٹر میں واپس آتا ہوں۔ صحافی نے سوال کیا کہ صدر کون بنے گا، جس پر آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ اعتزاز احسن صدر بنیں گے اس موقع پر صحافی نے ایک بار پھر پوچھا کہ آپ کو یقین ہے کہ اعتزاز احسن ہی صدر پاکستان بنیں گے ؟ اس بار جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اعتزاز احسن صدر بنیں گے۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا آصف زرداری صدر بنے تو انہوں نے زرداری گروپ لمیٹڈ سے اپنا الحاق ختم کردیا تھا شہید بی بی جلا وطنی میں رہیں اور اپنے بچوں سے نہ مل سکیں۔ فاروق ایچ نائیک کا مزید کہنا تھا مقدمے میں آصف زرداری کو ملزم ظاہر نہیں کیا گیا کہا گیا اے ون انٹرنیشنل کمپنی سے پیسہ زرداری گروپ لمیٹڈ میں آیا آصف زرداری الیکشن لڑ رہے تھے ایف آئی اے نے کیسے مفرور قرار دیا؟ انہوں نے کہا ایف آئی آر میں کہیں نہیں لکھا آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کی چارج شیٹ میں بھی کہیں نہیں لکھا آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کی۔
زرداری