• news

’’پلانٹ فار پاکستان مہم‘‘ 10 ارب درخت لگائے جائیں گے‘ ا مین اسلم

اسلام آباد (محمد فہیم انور/ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کہاہے کہ وزیراعظم 2 ستمبر کو ’’پلانٹ فارپاکستان‘‘ مہم کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اس ملک گیر مہم کے تحت ملک بھر میں دس ارب درخت لگائے جائیں گے۔ درخت لگانے کی اس مہم میں ملک کے بڑے چھوٹے مرد و خواتین ہر ایک کو قومی فریضہ سمجھ کربڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے، درخت لگانا ویسے بھی صدقہ جاریہ ہے۔ ٹمبر مافیاکے خلاف سخت قوانین لائے جائیں گے اور اس بارے میں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ جمعہ کو ’’نوائے وقت‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا میںسب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان کا ساتواں نمبر ہے، ماحولیاتی آلودگی ملک کابڑامسئلہ ہے، پاکستان میں جنگلات کا رقبہ پہلے ہی کم تھا اس پر دھڑا دھڑ درخت کاٹے جانے کی وجہ سے جنگلات چٹیل میدانوں میں تبدیل ہو رہے ہیںاور ان علاقوں میں جہاں درجہ حرارت میں بہت اضافہ ہو رہا ہے وہاں ماحول بھی آلودہ ہو رہاہے۔ اگر مئوثر اقدامات نہ کئے گئے توگرین زونز جلد ختم ہو جائیں گے اور یہ مسئلہ مزید سنگینی اختیار کر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے ایک ارب درخت لگا کر اس کا عملی ثبوت بھی دے دیا ہے۔ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ2ستمبر سے شروع ہونے والی "پلانٹ فارپاکستان" مہم وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے جس کے مطابق دس ارب درخت لگانے کا ٹارگٹ پورا کریں گے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے ملک بھر میں 190پوائنٹس بنا دئیے ہیں جہاں سے مفت پودے حاصل کیے جا سکتے ہیں، میری ملک بھر کے عوام بلاخصوص طلباو طالبات اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ قومی فریضہ سمجھ کراس ملک گیر شجر کاری مہم میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز بھی آلودگی کا بہت بڑا سبب ہے، پلاسٹک بیگ کے متعلق جلد پالیسی لائیں گے ۔ ملک میں بہت زیادہ آلودگی پھیل چکی ہے درخت لگانے سے آلودگی میں کمی ہوگی،درخت لگاناملک کی ضرورت ہے، عوام 190 گرین پوائنٹس سے مفت پودے حاصل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ پلانٹ فارپاکستان مہم2ستمبرسے شروع ہوگی،وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت دس ارب درخت لگانے کا ٹارگٹ پورا کریں گے، ہم نے 198 پوائنٹس بنا دیے ہیں جہاں سے بلا معاوضہ پودے مل سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مشیر ماحولیات نے کہا کہ درختوں کے بے شمار فوائد ہیں جن کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، درخت نہ صرف انسانوں کیلئے آکسیجن پیدا کرتے ہیں بلکہ ماحول کو بھی خوشگوار بناتے ہیں اور ماحولیات آلودگی کے خاتمے کا بھی ایک ذریعہ ہیں،انہوں نے کہا کہ اس نیک کام اور قومی مشن کو کامیاب بنانے کیلئے سرکای اداروں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری تنظیموں، سیاسی و سماجی تنظیموں، صنعتی اداروں اور بالخصوص عام آدمی کو اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس مہم میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، ہم سب نے ان کی رفتار کے ساتھ کام کرنا ہے اور مطلوبہ ہدف حاصل کرنا ہے، ہم سب نے محنت کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق 2ستمبر کو شجر کاری کا دن منایا جائے گا، فاریسٹ ڈویژن کی سطح پر 5،5ہزار پودے لگائے جائیں گے، صوبائی حکومتوں نے ضلعی سطح پر ہدایات جاری کر دی ہیں۔جو ڈسٹرکٹ سب سے زیادہ پودے لگائے گا اور اس کی دیکھ بھال کرے گا اسے وزیر اعظم کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا انعام دیا جائے گا چنانچہ تمام اضلاع کے ڈی سی اوز نے اپنے اپنے اضلاع کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کو آن بورڈ کر لیا ہے تاکہ وزیر اعظم کی جانب سے دیا گیا ہدف مقررہ مدت میںپورا کیا جا سکے۔ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ عوام میں شجر کاری کے شعور و آگاہی کیلئے سیمینار اور واکس کا بھی اہتمام کیا جائے گا، اخبارات میں خصوصی سپلیمنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر خصوصی ٹاک شوز کئے جائیں گے۔ تحصیل سطح پر سیل پوائنٹ بنائے جائیں گے، اس کے علاوہ سرکاری نرسریوں پر بھی پودے دستیاب ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن