• news

اثاثہ جات ریفرنس ، مزید 3 گواہ طلب ، اسحاق ڈار کے شریک ملزم کی بریت پرفیصلہ مؤخر

اسلام آباد (صباح نیوز) اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس میں مزید گواہ طلب کر لئے گئے،عدالت نے اسحاق ڈار کے شریک ملزم سعید احمد خان کی بریت کے حوالے سے فیصلہ5 ستمبر تک موخر کردیا ۔جمعہ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کے خلاف دائر اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کی۔ عدالت نے استغاثہ کے گواہوں عمر دراز اور بشارت محمود کے بیانات ریکارڈ کر لئے جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے مزید گواہوں کو طلب کر لیا جبکہ عدالت نے اسحاق ڈار کے شریک ملزم سعید احمد خان کی بریت کے حوالے سے فیصلہ5 ستمبر تک موخر کر دیا۔ احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس میں دائر سپلیمنٹری ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت استغاثہ کے دو گواہوں نے اپنے بیانات قلمبند کروایئے۔ دوران سماعت نیب لاہور سے تعلق رکھنے والے گواہ بشارت محمود نے بتایا کہ وہ ملزمان کی طلبی کے حوالے سے کال آف نوٹس لے کر گئے تھے۔ بشارت محمود نے بتایا کہ وہ نیب راولپنڈی میں 2004ء سے بطور کلرک خدمات انجام دے رہے تھے۔ عدالت نے اشتیاق احمد، محسن احمد اور طارق سلیم کو پانچ ستمبر کو طلب کر لیا ہے جبکہ عدالت نے سابق صدر نیشنل بینک سعید احمد خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنانے کا عمل پانچ ستمبر تک موخر کر دیا۔ عدالت5ستمبر کو سعید احمد کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن