• news

بینظیر شہید وومن یونیورسٹی پشاور کا ایڈمن اَفسر فارغ‘ کیس نیب بھجوانے کا فیصلہ

پشاور(بیورورپورٹ) ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے بینظیر شہید وومن یونیورسٹی لڑمہ پشاور کے ایڈمن اَفسر کو کنٹریکٹ سے فارغ کرکے اُن کا کیس نیب کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے ، محکمہ ہائیر ایجوکشن پشاور کے ذرائع نے بتایا کہ بینظیر شہید وومن یونیورسٹی کے ایڈمن اَفسر اَمان نے یونیورسٹی کیلئے کی جانے والی اشیاء کی خریداریوں میں گھپلے کرکے قومی خزانے کو لاکھوں کا نقصان پہنچایا ہے، ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ایڈمن اَفسر نے یونیورسٹی میں طالبات کیلئے میں قائم کی جانے والی کیفے ٹیریا اور سٹیشنری کا ٹھیکہ بھی ایک منظور نظر شخص کو دلوایا ہے جس کا ٹھیکیدار فوٹواسٹیٹ مشین سمیت اسٹیشنری اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء بازار کے ریٹ سے مہنگے دَاموں فروخت کرکے یونیورسٹی کی طالبات کو لوٹ رہا ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایڈمن اَفسر نے اپنی ایک قریبی رشتہ دار کو یونیورسٹی میں بغیر میرٹ تعینات کروایا ہے جس کیلئے کسی اخبار میں اشتہار تک نہیں دیا گیا ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ایڈمن اَفسر کو اِگلے ماہ فارغ کیا جانا تھا مگر ایک اہم شخصیت کی سفارش آڑے آگئی اور موصوف کی نوکری بچ گئی اس سلسلے میں جب یونیورسٹی کے ایڈمن اَفسر امان سے رابطہ قائم کرکے اُن کا مئوقف جانا گیا تو اُنہوں نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کیلئے کی جانے والی تمام خریداریوں کی منظوری کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جن کی منظوری کے بعد ہم خریداری کرتے ہیں جس میں کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا یونیورسٹی کی میڈیا اَفسر مس سحرش ظفر نے اپنا مئوقف دیتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ملنے والے لیٹر کا مجھے کوئی علم نہیں، ایڈمن اَفسر اپنا کنٹریکٹ ختم ہونے تک کام جاری رکھیں گے، اُنہوں نے کہا کہ ایڈمن اَفسر نے یونیورسٹی کی سیکورٹی بہتر بنانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن