نندی پور پاور سکینڈل، بابر اعوان نیب پیش،4 گھنٹے تفتیش، الزامات مسترد کردیئے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) نندی پور پاور سکینڈل کی تحقیقات میں مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے۔ باقاعدہ طور پر شامل تفتیش ہوگئے ہیں۔ بابراعوان نے اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے نندی پور منصوبے میں تاخیر سے متعلق تمام الزامات مسترد کر دیے۔ نیب راولپنڈی نے 4 گھنٹے تک بابر اعوان سے پوچھ گچھ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب حکام نے سوال کیا کہ پیپلزپارٹی دور میں آپ وزیرقانون تھے، اس دوران نندی پور منصوبے میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ کیا آپ منصوبے میں تاخیر کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں؟ بابراعوان نے جواب میں کہا کہ بحیثیت وزیر قانون انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ منصوبے کی تاخیر سے میرا کوئی تعلق نہیں، تمام الزامات مسترد کرتا ہوں۔ نیب ٹیم بابر اعوان کے بیان کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کرے گی، سابق سیکرٹری قانون مسعود چشتی اور دیگر افسروں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ بابراعوان کے بیان کے بعد نیب اپنی رپورٹ دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مولا بخش چانڈیو نندی پور پاور منصوبے کی تحقیقات میں اپنا بیان پہلے ہی ریکارڈ کراچکے ہیں۔ نندی پور سکینڈل میں حکومت کا پہلا مشیر نیب دفتر میں پیش ہوا ہے۔
بابراعوان