• news

بلدیاتی اداروں کو چیک اینڈ بیلنس کیساتھ بااختیار بنائیں گے : عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈیرہ غازی خان کے میئر شاہد حمید چانڈیہ نے ملاقات کی اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے نچلی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اورہم اختیارات کو حقیقی معنوں میں نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنائیں گے، چیک اینڈ بیلنس کا بھی موثر نظام لائیں گے۔ بلدیاتی اداروںکیلئے نیا نظام وقت کا تقاضا ہے اورنئے بلدیاتی نظام کیلئے تیزی سے کام شروع کردیا گیا ہے ۔ڈیرہ غازی خان کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا انقلابی وژن ملک و قوم کی تقدیربدلے گا، ملک وقوم کی ترقی اورنئے پاکستان کی تعمیر کی جدوجہد میں خواتین کو بھی اپنا بھر کردار ادا کرنا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرے گی اور پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ خصوصاً دیہات اورکم ترقی یافتہ شہروں میں مقیم خواتین کیلئے روزگارکے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی واضح کردہ پالیسیاں خوشحال پاکستان کی ضامن ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کا خاتمہ کر کے شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کو اپنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی عظمی کاردار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب کابینہ کے اراکین کے اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کی آ مد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا جو خواب دیکھا ہے ہم اسے پورا کرنے میں دن رات ایک کردیں گے۔ پنجاب حکومت کی پوری ٹیم آپ کے نئے پاکستان کے ایجنڈے کی تکمیل میں آپ کے ساتھ ہے اور ہم ایک ٹیم کے طور پر بھرپور محنت کریں گے اور نئے پاکستان کی منزل کے حصول کے لئے شب وروز ایک کر دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انشاء اللہ پنجاب آپ کے 100روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل بنے گااو رہم ہر قیمت پر نتائج دیں گے-انہوں نے کہاکہ میں وزیراعظم عمران خان کا تہہ دل سے مشکور ہوں او ران کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوںنے ہر موقع پر میری بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے او را نشاء اللہ پنجاب حکومت کی ٹیم وزیراعظم کے اعتماد پر پورا اترے گی۔
عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن