• news

حکومت بدلی، عوام کے مسائل وہی ، احتساب سب کا تحریک جاری رہے گی: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت تبدیل ہوئی ہے مگر عام آدمی کے مسائل وہی ہیں، دیکھتے ہیں حکومت ان مسائل کے حل کیلئے کتنی سرعت کا مظاہرہ کرتی ہے ۔ عوام مسائل کا فوری حل چاہتے ہیں، غربت، مہنگائی، بے روز گاری اور لوڈشیڈنگ عام آدمی کیلئے ناقابل برداشت ہوچکی ہے۔ جماعت اسلامی عام آدمی کے مسئلہ کو اپنا مسئلہ سمجھتی ہے۔ حکومت کا امتحان شروع ہوچکا ہے۔ 25 جولائی کے انتخابات پر عوام مطمئن نہیں، بہت سارے تحفظات کے باوجود ہم عوام کے مسائل کو دور کرنے کیلئے حکومت کے ہر اچھے کام کی تحسین کریں گے۔ جماعت اسلامی کی ’’احتساب سب کا‘‘ تحریک جاری ہے، کرپشن کے خاتمہ کیلئے ہم آخری حد تک جائیں گے۔ کرپشن کے خلاف تحریک میں جماعت اسلامی پنجاب کا نمایاںکردار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عام آدمی غربت مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہا ہے، عام آدمی چاہتا ہے کہ اسے ریلیف ملے ،اس لئے ہم بھی مسلسل حکومت کو اس کے وعدے یاد دلارہے ہیں، جماعت اسلامی بھی عوام کے مسائل کا حل چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ادھر ادھر الجھنے کی بجائے اصل عوام ایشوز کی طرف آئے تاکہ وزیراعظم نے تین ماہ کا جو وقت مانگا ہے حکومت کااس پیریڈ کے دوران مسائل پر قا بو پانے کیلئے بنیادی ہوم ورک مکمل ہو۔ حکومت اگر روزانہ ہونے والی 12ارب روپے کی کرپشن پر قابو پا نے میں کامیاب ہوگئی تو اسے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، اس مقصد کیلئے حکومت کو فوری طور پر کڑے اور بے لاگ احتساب کا سلسلہ شروع کرنا ہوگا اور احتساب بھی وہ جو عام آدمی کو نظر آئے، بیرونی بنکوں میں پڑی چوری کی دولت کو واپس لانے کیلئے ایک میکنزم بنانے کی فوری ضرورت ہے، قومی بنکوں سے قرضے لیکر معاف کرانے اور لندن دبئی اور فرانس میں جائیدادیں بنانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیرون ملک پڑی دولت واپس آنا شروع ہوجائے تو عام پاکستانی کے حوصلے بلند ہو جائیں گے اور وہ حکومت پر اعتماد کرتے ہوئے اپنا سب کچھ ملک پر نچھاور کرنے کیلئے تیار ہو جائے گا۔ اس لئے حکومت کو نیب اور احتساب کے دیگر اداروں کی مدد سے چیونٹی کی چال سے رینگنے والے احتساب کو اب گھوڑے کی طرح بھگانا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن