کرنسی سمگلنگ کیس‘ماڈل ایان علی 15 ستمبر کو طلب
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارشد حسین بھٹہ نے کرنسی سمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کیخلاف سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمہ کو بھی طلب کر لیا۔ ہفتہ کو دوران سماعت ملزمہ کے وکیل لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہو کر ملزمہ کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جو عدالت نے منظور کرلی تاہم اگلی پیشی پر ایان علی کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی دوران سماعت ایف آئی اے کے کونسل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مقدمہ میں نامزد ملزمہ ایان علی ضمانت کے بعد بیرون ملک چلی گئی اور کسی بھی تاریخ پر عدالت میں پیش نہیں ہوئی ہر پیشی پر میڈیکل پیش کر دیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ مقدمہ میں نامزد ملزمہ کیخلاف ایف آئی اے نے بے نظیربھٹو ائیرپورٹ سے پانچ لاکھ ڈالر سے زائد رقم بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش کے دوران رقم برآمد کرتے ہوئے گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا۔