• news

اسلام آباد:نیب کا ایف بی آر پر ٹیکس تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا الزام

اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو(نیب) کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 3 درجوں پر مشتمل ٹیکس نظام کے باعث سگریٹ بنانے والی کمپنیوں کو کم سے کم ایکسائیز ڈیوٹی ادا کر کے فروخت میں بہتری کا موقع ملا‘اس کے ساتھ رپورٹ میں وفاقی بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) پر بھی الزام لگایا گیا کہ اس کی جانب سے تحقیقات میں معاونت نہیں کی گئی۔ ایک بیان میں ترجمان نیب راولپنڈی محمد بلال کا کہنا تھا کہ نیب نے مذکورہ معاملے پر سگریٹ بنانے والی کمپنیوں کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،جبکہ وفاقی بورڈ آف ریونیو نے تاحال اس سلسلے میں اپنا نمائندہ مقرر نہیں کیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے 23 مئی کو ہونے والے اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے خصوصی رپورٹ پیش کی جس میں ٹوبیکو سیکٹر کی جانب سے ٹیکس کی ادائیگی میں کمی کی وجوہات کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر متعلقہ ادارے تعاون کریں تو نیب کو ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں 2 ماہ جبکہ باقاعدہ تحقیقات کرنے کے لیے 4 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن