وفاقی حکومت نے 10 سال سے زائد کام کرنیوالے افسروں کو صوبوں میں بھجوانے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت میں کام کرنے والے افسران کا صوبوں میں تبادلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاق میں 10 سال سے زائد عرصہ کام کرنے والے افسران کو صوبوں میں بھجوایا جائے گا۔ فیصلے کا اطلاق پاکستان ایڈمنسٹریٹو اور پولیس سروس کے افسران پر ہو گا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے فہرستیں تیار کر کے وزیراعظم کو بھجوا دیں۔ وزیراعظم آفس رواں ہفتے افسران کے تبادلوں کے احکامات جاری کر سکتا ہے۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے تمام صوبوں سے 29 افسران کو تبدیل کیا تھا۔ ان افسران کا تبادلہ کیا گیا جن کا عرصہ ملازمت ایک صوبے میں 10 سال سے زیادہ تھا۔ افسران کے تبادلوں کیلئے متعلقہ صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔
وفاقی افسر/ تبادلے