• news

شرجیل میمن کے خون کی رپورٹس آج ملنے کا امکان بیٹے کی بلاول سے ملاقات، 3 ملزم جیل منتقل

کراچی (کرائم رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) شراب برآمدگی کیس میں ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ سب جیل قرار دیئے گئے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار 3 ملزموں کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔ تین ملزموں کو جوڈیشل مجسٹریٹ ساﺅتھ کی عدالت نمبر 15 میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے 15 ستمبر کو ملزموں کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ تینوں ملزمان کو گزشتہ روز چیف جسٹس ثاقب نثارکی جانب سے ضیاالدین اسپتال میںسب جیل قرار دیئے گئے شرجیل میمن کے کمرے پر چھاپے کے دوران شراب کی بوتلیں برآمد ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا، گرفتار ہونے والوں میں شکردین، محمد جام اور مشتاق شامل ہیں۔ شرجیل میمن کے کمرے سے ملنے والی شراب کی بوتلوں کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کے خون کے نمونے، شراب کی بوتلوں اور دیگر تمام رپورٹس پیرکو ملنے کا امکان ہے، شرجیل میمن کے معاملے پر اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی ساتھ جاوید عالم اڈھو کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہسپتال میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج اور ہسپتال میں شرجیل میمن سے ملنے والے ملاقاتیوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے جب کہ اسپتال سے سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کرنے والے ڈی وی آر کو بھی ضبط کرلیا ہے۔ جاوید عالم اڈھو نے بتایا کہ شرجیل انعام میمن کے کمرے سے ملنے والی شراب کی بوتلوں کو کسی دوسرے مقام پر رکھ دیا گیا تھا تاہم پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شراب کی2 بوتلیں برآمد کر لیں، یہ تحقیقات بھی جاری ہیں کہ شراب کی بوتلیں کیوں ایک مقام سے دوسرے مقام پر رکھی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے جانے والے تینوں افراد شرجیل میمن کے ذاتی ملازم ہیں، ہمیں شبہ ہے کہ گرفتار ملزمان شراب کی بوتلیں ہسپتال لائے ہوں اس حوالے سے گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جائے گی تاہم موبائل فونز ریکارڈ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔ ڈاکٹر امیر شیخ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی ساﺅتھ جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ایس پی انویسٹی گیشن ساﺅتھ عبداللہ جان اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن ایسٹ، شبیر میمن تحقیقاتی کمیٹی کا حصہ ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کے بیٹے راول شرجیل میمن نے گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاﺅس کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی کاموں اور شرجیل میمن کے خلاف جاری جھوٹے اور من گھڑت میڈیا ٹرائل سمیت پی ایس 63 کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چیرمین بلاول بھٹو نے راول شرجیل میمن سے کہا کہ ان کے والد کو پیپلز پارٹی کے لئے دی جانے والی قربانیوں کی سزا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور ہم ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والوں میں سے ہیں۔
شرجیل میمن

ای پیپر-دی نیشن