• news

اسلام آباد‘ العزیزیہ سٹیل ملز‘ فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل مل اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آ ج ہو گی،وکیل صفائی خواجہ حارث استغاثہ کے گواہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاءپر جرح کریں گے،میاں نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2کے جج ارشد ملک نیب کی جانب سے دائر العزیزیہ سٹیل مل اور فلیگ شپ ریفرنسزکی سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر اڈیالہ جیل حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نوازشریف کو آج (جمعہ کو) عدالت میں پیش کرنے سے معذرت کرلی تھی۔جج ارشد ملک نے واجد ضیا کے جواب کو براہ راست انداز میں ریکارڈ کا حصہ بنا دیا جس پر خواجہ حارث نے شدید احتجاج کیا اور کمرہ عدالت سے چلے گئے تھے ۔خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ واجد ضیا کے جواب کو ڈائریکٹ وے میں لکھوانے سے پہلے عدالت کو مجھے بھی سننا چاہیے تھا۔ خواجہ حارث نے احتساب عدالت پر ٹمپرنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہاتھا نواز شریف کی مزید وکالت نہیں کرسکتا۔ میں اپنا وکالت نامہ واپس لے لوں گا، کورٹ افسر ہوں، عدالت کو ریکارڈ ٹیمپرنگ نہیں کرنے دوں گا، میاں صاحب کو بتا دوں گا کوئی اور وکیل کرلیں۔نواز شریف کے وکلا نے متفرق درخواست میں سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ عدالتی ریکارڈ میں تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔
ریفرنسز سماعت

ای پیپر-دی نیشن