• news

ڈی جی خان شہر میں جابجا منی پٹرول پمپس‘ گیس ری فلنگ کا دھندہ عروج پر

ڈیرہ غازیخان(نمائندہ خصوصی سے) غیر قانونی پٹرول پمپس اور جگہ جگہ پٹرول سیل پوائنٹس کے یونٹس اور ایل پی جی کے سلنڈر بھرنے کی غیرقانونی ایجنسیاں جو کہ ہر محلے اور ہر گلی میں موجود ہیں اور حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان کے خلاف بھر پور قانونی کارروائی کی جائے ان مطالبات کا اظہار یونین کونسل نمبر14 کے جنرل کونسلر محمد شاہد بودلہ اور جنرل کونسلر عاصم ککے زئی نے کمشنر ڈیرہ غازیخان سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازیخان میں غیر قانونی پیٹرول پمپس اور ایل پی جی سلنڈر بھرنے والی ایجنسیوں کی بے حد بھرمار ہے جو کہ من مانے ریٹس پر پٹرول اور ایل پی جی گیس سلنڈروں میں بھرتے ہیں جس سے کسی بھی وقت جانی و مالی نقصان یا کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ عوام وقت کی بچت اور فاصلے میں کمی کی وجہ سے ان دھوکے بازوں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ان پٹرول سیل پوائنٹس پر انتہائی غیر معیاری پٹرول کی فروخت ہوتی ہے جس سے گاڑیوں کے انجن جلدی خراب و فیل ہو جاتے ہیں۔ ان سے پیدا شدہ گندے دھوئیں سے ماحولیاتی آلودگی میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن