• news

ہائیکورٹ کا داتا دربار کے اطراف بھی کوڑا پھینکنے والوں کو ایک ہزار جرمانے کا حکم

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ کے بعد داتا دربار کے اردگرد کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کو ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم دیدیا۔ جس دکان کے سامنے کوڑا کرکٹ نظر آیا تو اسکی ذمہ داری دکاندار پر عائد ہوگی۔ داتا دربار کی سکیورٹی سے متعلق سی سی پی او لاہور کو آج طلب کرلیاگیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار کے وکیل نے بتایا داتادربار کے ارد گرد تجاوزات اور صفائی ستھرائی کا کام مکمل نہیں ہوسکا انتظامیہ نے کلین آپریشن نہیں کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر لاہور صفدر ورک نے بتایاداتا دربار کے اردگرد تجاوزات مکمل ختم کردی گئیں جبکہ صفائی بھی مکمل ہو رہی ہے جسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے سیکرٹری اوقاف کی جانب سے رپورٹ میں کہاگیا کہ 2010ءمیں داتادربار میں خودکش حملہ کے بعد صورتحال مکمل تبدیل ہوچکی ہے داتا دربار کے بیسمنٹ کا پارکنگ سٹینڈز دھماکہ کے بعد تاحال بند ہے داتا دربار کے 16دروازے ہیں دھماکہ کے بعد 12دروازے بند کر دئیے گئے داتادربار میں مردوں کے داخلے کے لیے 3اور خواتین کے لئے ایک دروازہ کھولا گیا عرس کے دنوں میں داتادربار میں 4لاکھ افراد آتے ہیں داتادربار میں کل103سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں عدالت نے داتا دربار کی سکیورٹی ،اضافی راستہ اور پارکنگ اسٹینڈز کو بند کرنے کے معاملہ پر آج سی سی پی او لاہور کو طلب کرلیا۔
داتا دربار/ ہائیکورٹ

ای پیپر-دی نیشن