• news

وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات‘ امریکی وزیر خارجہ کے مجوزہ دورے پر مشاورت

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات وزیراعظم ہاﺅس میں ہوئی جس میں سکیورٹی امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں سرحدوں اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کے مجوزہ دورے پر بھی مشاورت کی گئی اور ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ واضح رہے کہ وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کی یہ تیسری ملاقات ہے۔ آن لائن کے مطابق آرمی چیف نے وزیراعظم عمران خان کو چھ ستمبر یوم دفاع کے موقع پر منعقد کی جانے والی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے وزیراعظم نے قبول کرتے ہوئے شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی کے اخراجات میں کمی لانے کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں وزیراعظم کی خواہش کے مطابق قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے حوالے سے قوانین میں ترمیم کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔


آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن