• news

افغان وزیر خارجہ کا شاہ محمود کو فون : امن کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

سلام آباد (سٹاف رپورٹر+ این این آئی) افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے گزشتہ روز پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلیفون کیا اور انہیں جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کی بندش کے معاملہ پر جلد مثبت پیشرفت کی یقین دہانی کرائی۔ افغان وزیر خارجہ نے شاہ محمود قریشی کو وزارت خارجہ قلمدان سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ وہ پاکستان کی نئی منتخب حکومت کے ساتھ، پاکستان، افغان تعلقات مستحکم کرنے کی خاطر کام کرنے کیلئے منتظر ہیں۔ دونوں وزراءخارجہ نے پاکستان افغان مشترکہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بعد باہمی تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا یہ سمجھوتہ تمام ایشوز پر بات چیت کیلئے انتہائی جامع ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے۔دونوں وزراءخارجہ نے اتفاق کیا ایکشن پلان کا آئندہ اجلاس جلد اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔ انہوں نے اسلام آباد پاک افغان علماءکی کانفرنس کا بھی خیرمقدم کیا جس کے انعقاد کی تاریخوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے استدعا کی پاکستانی قونصل خانہ کیلئے اٹھائیس اگست سے پہلے والا سکیورٹی بندوبست بحال کیا جائے۔ افغان وزیر خارجہ نے اس ضمن میں جلد مثبت پیشرفت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے شاہ محمود قریشی کو جلد دورہ افغانستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ این این آئی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان پاکستان امن طریقہ کار کے تحت تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ این این آئی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان پاکستان امن طریقہ کار کے تحت تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ آن لائن کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے کیلئے بامقصد اقدامات کرے، جموںوکشمیر کے تنازعہ کا واحد حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائز حق خود اردایت دینا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات آسٹریلیا کی سابق سینیٹر لی ریانون سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔شاہ محمود قریشی نے کہا 1989 کے بعد سے بھارتی قابض افواج نے تقریباً ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا۔ انہوں نے کہا جموں و کشمیر کے تنازعہ کا واحد حل کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا جائزحق خوداردایت دینا ہے۔
افغان وزیر خارجہ

ای پیپر-دی نیشن