• news

سرکاری کامو ں میں مداخلت، ڈپٹی کمشنر چکوال کا پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کیخلاف خط

چکوال (نوائے وقت رپورٹ) ڈی سی چکوال غلام صغیر شاہد نے سرکاری امور میں سیاسی مداخلت پر تحریک انصاف کے ایم این اے ذوالفقار علی خان کیخلاف چیف سیکرٹری کو خط لکھ دیا۔ خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ تقرر و تبادلے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔ خط کی کاپی چیف الیکشن کمشنر اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی ارسال کردی۔ این اے 64 چکوال کے ایم این اے ذوالفقار علی پر سیاسی پوسٹنگ، ٹرانسفرز کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 31 اگست کو انہوں نے مجھے ایک لفافے میں لسٹ بھجوائی جس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے 17 افسروں کے تقرر و تبادلے کا کہا گیا۔ ایم این اے نے خط کے بعد دفتر کا بھی وزٹ کیا اور پوسٹنگ، ٹرانسفر کیلئے زور دیا۔ 3 ستمبر کو ایم این اے نے مجھے فون بھی کیا اور پٹواری محمد اسلم کے تبادلے کے احکامات منسوخ کرنے کا کہا۔ پوسٹنگ، ٹرانسفر میں ایم این اے کا اختیار نہیں، ایم این اے کو صاف بتا دیا کہ اسکی سفارش پر تقرر و تبادلہ نہیں کرسکتا۔ مطالبہ کرتا ہوں کہ ایم این اے کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ پٹواری کے کام سے لوگ مطمئن تھے اس لئے تبادلہ نہ کرنے کا کہا۔ اس حوالے سے ایم این اے ذوالفقار علی خان کا موقف ہے کہ ڈپٹی کمشنر کو 17 افسروں کے تبادلے کی لسٹ بھیجنے کے خط کی بات غلط ہے، پٹواری کے تبادلے کیلئے فون کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن