کھڈیاں خاص: گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری، گکھڑ منڈی میں شہری بجلی کی غیراعلانیہ بندش سے پریشان
کھڈیاں خاص، گکھڑ منڈی (نامہ نگاران ) کھڈیاں خاص میں عید کے بعد گیس کی بندش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ جو صبح ناشتے کے وقت دوپہر کو اور رات کو تین تین گھنٹے گیس بند رہتی ہے۔ محکمہ گیس قصور اور کھڈیاں خاص کے ملازمین کی ملی بھگت سے گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ صبح کی اوقات میں گیس کی بندش سے سکولوں، کالجوں اور دفتروں میں جانے والوں کو ناشتے کے بغیر جانا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں قصبہ گکھڑ منڈی میں بجلی کی آنکھ مچولی سے عوام دلبرداشتہ ہوگئے۔ گیپکو کی طرف سے گکھڑ اور گردونواح میں لوڈشیڈنگ سے عوام شدید بے چینی کا شکار ہوچکے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود لوڈشیڈنگ بڑھتی جا رہی ہے۔