پی آئی اے کا کارنامہ، وطن واپس لائے حاجیوں کا سامان مدینہ منورہ میں ہی چھوڑ دیا
راولپنڈی(آن لائن)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی جانب سے ایک اور کارنامہ سامنے آیا اور حاجیوں کو وطن واپس لانے والی قومی ایئرلائن نے ان کا سامان مدینہ منورہ میں ہی چھوڑ دیا۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی حج فلائٹ نمبر 714، 168 مسافروں کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تاہم مسافروں کا سامان ان کے ساتھ نہیں لایا گیا اور تقریباً 2 گھنٹے بعد حاجیوں کو آگاہ کیا گیا کہ ان کا سامان مدینہ میں رہ گیا ہے۔پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مدینہ میں رہ جانے والا سامان ایک یا 2 روز میں واپس وطن آجائے گا۔اس حوالے سے اسلام آباد کے رہائشی لائق خان سواتی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ مدینہ سے پی آئی اے کی فلائٹ کے ذریعے وطن پہنچے تھے لیکن 2 گھنٹے انتظار کرنے کے بعد ان کے علم میں یہ بات آئی کہ سامان وہی رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر انتظامیہ اور ایئرلائن کے چکر لگانے کے باوجود کوئی تعاون نہیں کیا گیا جبکہ ایئرپورٹ پر کوئی ایسی معلوماتی کاؤنٹر نہیں تھا جو حاجیوں کو معلومات فراہم کرسکے۔لائق خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو اپنی سروس کو بہتر کرنا چاہیے اور مسافروں کو اپنی غلطیوں کے بارے میں وقت پر آگاہ کرنا چاہیے۔