جعلی حلف نا مہ دینے پر خالد مقبول صدیقی کو نوٹس جاری
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے جعلی حلف نامہ جمع کرانے سے متعلق کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27ستمبر تک ملتوی کردی۔ الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم کے خلاف جعلی حلف نامہ جمع کرانے سے متعلق درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی،درخواست گزار آفتاب عارف کی جانب سے ترمیم شدہ پٹیشن دائر کر دی گئی،چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اب یہ پٹیشن ایم کیو کیو ایم پاکستان کے خلاف ہو گئی ہے؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جی ہاں یہ درخواست ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف ہے ،برطانیہ میں سن چیرٹی کو بھجوائی گئی رقم کاغذات میں ظاہر نہیں کی گئی،چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کا کیس کیا ہے؟وکیل نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائے، الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی اور کنور نوید جمیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27ستمبر تک ملتوی کردی۔