گیس چوری روکنے کیلئے جامع منصوبہ بنایا جائے ، وزیراعظم : کابینہ کی نجکاری، سی پیک ، توانائی کمیٹیاں تشکیل
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے گیس چوری روکنے کیلئے جامع پلان پیش کرنے اور درپیش مسائل کے حل کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں گیس چوری روکنے کیلئے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کو تیل و گیس کے شعبے میں طلب و رسد کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا گیس چوری سے ملک کو سالانہ 50ارب کا نقصان ہو رہا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو تاپی اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبوں پر بھی بریف کیا گیا، وزیراعظم نے درپیش مسائل کے حل کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی، سیکرٹری توانائی نے وزیراعظم کو گیس نرخوں اور بقایا جات کی وصولی پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا توانائی کے شعبے میں متعدد پالیسیاں تبدیل ہوئیں یا عملدرآمد ہی نہیں ہوا، سیکرٹری توانائی نے بتایا پالیسیوں پر عمل نہ ہونے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی،گیس تلاش کرنے کیلئے نئے ٹھیکے بھی نہیں دیئے گئے۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آئندہ ہفتے دوبارہ ای سی سی میں بھیجنے کا امکان ہے۔ اوگرا نے گیس قیمتوں میں180 فیصد تک ریکارڈ اضافے کی تجویز تیار کررکھی ہے۔گیس قیمتوں میں اضافہ نہ ہوا تو گیس کمپنیاں دیوالیہ ہونے کاخدشہ ہے۔ سابقہ حکومت نے4 سال تک گیس کی قیمتوں میں اضافہ روکے رکھا،گیس کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہے، وزارت پٹرولیم کی وزیر اعظم کو اس حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی گیس کی قیمتوں کا ازسرنو جائزہ لیکر معقول بنایا جائے۔ وزارت پٹرولیم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کیلئے گرین سگنل دیدیا۔ صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کی نجکاری، سی پیک اور توانائی کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے توانائی کے لیے کابینہ کی 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کا چیئرمین وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کو مقرر کیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں وزیر خزانہ، وزیر منصوبہ بندی، وزیر ریلوے، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل مشیر صنعت و پیداوار بھی شامل ہیں جب کہ سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ وزیراعظم نے 7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری بھی تشکیل دی جس کا چیئرمین وزیر خزانہ اسد عمر کو مقرر کیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر قانون، وزیر منصوبہ بندی، مشیر تجارت و ٹیکسٹائل صنعت و پیداوار، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاٹی اصلاحات اور کفایت شعاری کمیٹی کے ارکان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔کمیٹی میں مشیر تجارت و ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار و سرمایہ کاری اور سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کمیٹی کا حصہ ہیں جب کہ وزیر نجکاری یا مشیر کی تعیناتی پر ممبر مقرر کیا جائے گا۔وزیراعظم نے 9 رکنی کابینہ کمیٹی سی پیک بھی تشکیل دی ہے جس کا چیئرمین وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار کو مقرر کیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر خارجہ، وزیرقانون وانصاف، وزیرخزانہ، وزیر پیٹرولیم، وزیر ریلوے اور وزیر مملکت برائے داخلہ کمیٹی میں شامل ہیں جب کہ کمیٹی میں مشیر تجارت وٹیکسٹائل،صنعت وپیداوار و سرمایہ کاری بھی ہوں گے۔سیکرٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی سی پیک کے ممبر مقرر کیے گئے ۔کابینہ ڈویژن نے تینوں کمیٹیوں کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ آئی این پی کے مطابق منگل کو وزیراعظم عمران خان سے سراج رئیسانی شہید کے بیٹے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا سراج رئیسانی شہید محب وطن پاکستانی اور نڈر شخصیت تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے نومنتخب صدر عارف علوی کو مبارکباد دی اور پرانی یاد بھی تازہ کر دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے اپنے ساتھ عارف علوی کی ایک پرانی تصویر شیئر کی اور لکھا جب دنیا میں ہماری جدوجہد کی ابتدا ہوئی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا عارف علوی تمہیں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہمند ایجنسی میں بچوں کو بلاخوف و خطر ملک گیر شجرکاری مہم (پلانٹ فار پاکستان) میں حصہ لیتے دیکھ کر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت قبائلی علاقہ جات کی قومی دھارے میں شمولیت کیلئے پرعزم ہے۔ ٹویٹر اکائونٹ پر جاری ٹویٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں بچوں کو بلاخوف و خطر ملک گیر شجرکاری مہم میں حصہ لیتے دیکھ کر نہایت خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہم قبائلی علاقہ جات جو اب خیبرپی کے کا حصہ بن چکے ہیں، کی قومی دھارے میں شمولیت اور وہاں کے باشندوں کی ترقی کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔ مزید برآں جاپان پاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ کے چیئرمین نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔چیئرمین پاک جاپان پارلیمانی فرینڈز شپ لیگ سائی شیدو ایٹو نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ جاپانی مہمان نے وزیراعظم کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کی مبارک باد دی اور کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تعلقات میں اضافہ چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک میں تعلقات کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا۔