پی ٹی آئی ایم این اے نصراللہ دریشک انتظامی امور میں مداخلت کرتے ہیں: ڈی سی راجن پور
لاہور/ اسلام آباد/ راجن پور (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) ڈپٹی کمشنر راجن پور نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار نصر اﷲ دریشک پر انتظامی امور پر مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان کو خط لکھ دیا۔ ڈپٹی کمشنر راجن پور اﷲ دتہ وڑائچ نے بتایا کہ نصراﷲ دریشک نے تبادلوں کے لیے مجھ پر دبائو ڈالا۔ نصر اﷲ دریشک نے کہا کہ ان کی مرضی کے تبادلے کیے جائیں اور پٹواری اور بارڈر ملٹری پولیس ان کی مرضی سے لگائے جائیں۔ نصر اﷲ دریشک کی جانب سے دبائو ڈالنے پر اﷲ دتہ وڑائچ نے الیکشن کمشن، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر ڈیرہ غازی خان کو خط لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا نصر اﷲ دریشک اور ان کے بیٹے ان کے کاموں میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں اور مجھ پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ میں سیاسی تبادلے کروں۔ میں سیاسی تبادلے ان کے کہنے پر نہیں کر سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے راجن پور کے ڈپٹی کمشنر کے خط کے معاملے پر سیاسی مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اور مقامی ارکان اسمبلی سے مکمل تفصیلات لے کر رپورٹ پیش کی جائے، حکومت انصاف کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر چکوال کے خط کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش کردی، ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کمشن اور سپریم کورٹ کو براہ راست خط لکھ کر تجاوز کیا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کوئی رکن اسمبلی انتظامیہ پر دبائو نہ ڈالے۔ وزیراعظم نے اس ڈپٹی کمشنر کے خط کے معاملے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نعیم الحق نے کہاکہ ہم اپنے ایم این اے کی ایسی حرکات برداشت نہیں کرینگے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے ڈپٹی کمشنر کے خط کا نوٹس لے لیا ہے، یہ کسی سرکاری افسر کو بھی زیب نہیں دیتا کہ وہ منتخب نمائندے کیخلاف اس طریقے سے شکایت کرے۔