ایشین گیمز میں کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی پر تحقیقات کی جائیں : پاکستان عوامی تحریک
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک نے مطالبہ کیا کہ ایشین گیمز جکارتہ میں کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کی جامع تحقیقات ہونی چاہئیں۔ 358 کھلاڑیوں کا دستہ ایک بھی طلائی یا سلور تمغہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کھلاڑیوںمحمد اقبال مرتضیٰ(کوچ) اور کھلاڑی نعمان یوسف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عوامی تحریک کے صوبائی صدر نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ اس وقت وزیراعظم سپورٹس کی دنیا کا جانا پہچانا نام ہے اورعوام وزیراعظم سے انقلابی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور عالمی معیار پر آنے کیلئے بڑے فیصلوں کی ضرورت ہے، کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز میں بیٹھے ہوئے کاریگر قسم کے ’’نان سپورٹس ایلیمنٹس ‘‘ سے جان چھڑانی چاہیے جو اپنی اور خاندان کی مراعات کیلئے بدترین سیاست، کرپشن اور اقربا پروری میں ملوث ہیں۔ بشارت جسپال نے کہا کہ کھیلیں کسی بھی ملک کے صحت مند تشخص اور اقدار کی آئینہ دار ہوتی ہیں۔ ایک وقت تھا پاکستان کرکٹ، ہاکی، سکواش، کبڈی کے میدانوں میں حکمرانی کرتا تھا مگر آج زندگی کے دیگر شعبہ جات کی طرح کھیل کا شعبہ بھی ابتری کا شکارہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں ہورہی، اس ضمن میں ماضی کی دو حکومتیں سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جکارتہ مقابلوں میں شکست کو بنیاد بنا کر جامع اصلاحات کے عمل کا آغاز کیا جائے اور سپورٹس کے ڈھانچے کی مکمل تنظیم نو کی جائے۔