• news

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے : عمران

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے جاپان کی بہت اہمیت ہے‘ پاک جاپان تعلقات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم سے پاک جاپان پارلیمنٹری فرینڈ شپ لیگ کے وفد نے ملاقات کی۔ دریں اثناءسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے جاپانی پارلیمنٹ میں پاکستان جاپان فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ سشیرو ایٹو نے 6 رکنی پارلیمانی وفد کے ساتھ ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔ دونوں رہنماﺅں نے آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے گفتگو کی ۔ صدر آزا دکشمیر سردار مسعود خان نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکبا د پیش کی ۔عمران خان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالنے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدو جہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ عمران خان کو وزارت اطلاعات ونشریات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا ملک کے تاثر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی وی اور پی بی سی کے حوالے سے ہدایت کی کہ غیر جانبداری رکھی جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ ان اداروں کے لیے ممتاز افراد پر مشتمل بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دیا جائے جو ان اداروں کے انتظامی اور مالیاتی امور کی نگرانی کرسکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔علاوہ ازیں عمران خان نے اقتصادی مشاورتی کونسل کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا۔ اجلاس میں ملکی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم آئی ایم ایف کے پاس جانے یا نہ جانے کے حوالے سے تجاویز لیں گے۔ کونسل ممبران معیشت کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پیش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن