• news

چیف سیکرٹری پنجاب کی راولپنڈی، ڈی جی خان کے کمشنرز کو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

لاہور ( سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر منتخب نمائندوں سے بہتر تعلقات رکھتے ہوئے قواعد و ضوابط کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں اوراگر سرکاری امور کی انجام دہی میں کو ئی مسئلہ درپیش ہے تو سینئرز سے رہنمائی لیں۔ سول سیکرٹریٹ میں ایڈ منسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ انتظامی معاملات میں سیاسی مداخلت سے متعلق چکوال اور راجن پور کے ڈپٹی کمشنرز کے خطوط پرراولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز کو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران نے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقادسمیت دیگر اہداف کے حصول کیلئے نہایت محنت سے کام کیا ہے۔ حکومت کے 100روزہ پلان پر عملدرآمد کیلئے بھی افسران اسی جذبے اور محنت سے کام جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل کے اہداف کے حصول کیلئے افسران ارکان اسمبلی سے رابطہ کار بڑھائیں اور اضلاع کی سطح پر عوام کی فلاح و بہبود کیلئے قائم کمیٹیوں میں انہیں نمائندگی دیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ضمنی انتخابات کی تیاری اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔ دریں اثناء سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے محکمہ ماحولیات کی استعداد بڑھانے سے متعلق جامع منصوبہ تیار کر نے کا حکم دیا۔

ای پیپر-دی نیشن