• news

9 ویں مالیاتی کمشن کے قیام کیلئے وفاقی وزیر خزانہ کا چاروں وزرائے اعلیٰ کو خط

اسلام آباد، کراچی (صباح نیوز+ نیٹ نیوز)نویں مالیاتی کمیشن کے قیام کیلئے وزیر خزانہ اسد عمر نے چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو خطوط ارسال کر دیئے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،وزیر اعلیٰ خیبرپی کے محمود خان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان کو خط ارسال کیے گئے ہیں۔ خطوط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 160 کے تحت پانچ سال کی معیاد میں این ایف سی ایوارڈ ضروری ہے۔وفاقی وزیر خزانہ اور صوبائی وزراء خزانہ قانونی طور پر این ایف سی ایوارڈ کے رکن ہیں۔ صوبوں سے این ایف سی میں ایک،ایک اقتصادی ماہر بھی شامل کیا جاتا ہے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ انہیں این ایف سی اجلاس کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے کوئی خط موصول نہیں ہوا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ این ایف سی اجلاس کے حوالے سے مجھے میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا۔ انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہوتا کہ وفاقی وزیر خزانہ کا خط میڈیا سے پہلے وزراء اعلیٰ کو مل جاتا۔

ای پیپر-دی نیشن