بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کی بھرپور حمایت کرتے ہیں: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک وقوم کا عظیم اثاثہ ہیں۔ ان کی فیصلہ سازی اور جمہوری عمل میں شمولیت اور ووٹ کا حق دینے کی مکمل حمایت کرتے ہیں لیکن الیکشن کمشن کی عجلت پسندی اور فنی وتکنیکی خامیوں سے بھرپور نظام پر شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) کے فیصلے کی روشنی میں جس قدر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا لازمی جمہوری حق ہے ویسے ہی اس ووٹ کے تقدس کو یقینی بنانا بھی ناگزیر آئینی وقانونی تقاضا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماہرین کے مطابق الیکشن کمشن نے جو نظام وضع کیا ہے وہ ہیک ہوسکتا ہے۔اس کے سافٹ وئیر پر ماہرین کو شکوک وشبہات ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ ووٹنگ نظام پر اٹھنے والے سوالات کی موجودگی میں شفاف ضمنی انتخاب ممکن نہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اس مشکوک نظام پر تحفظات ہیں۔