پسرور: نوجوان نے گھر میں گھس کر لڑکی کو قتل کرکے خودکشی کرلی
لاہور (نامہ نگاران) پسرور کے نواحی گائوں منڈیکی بیریاں میں نوجوان نے گھر میں گھس کر لڑکی کو قتل کردیا اور بعد میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ چونڈہ کے 16 سالہ ملزم یاسین نے دو ساتھیوں سمیت محنت کش کے گھر میں گھس کر اسکی بیٹی شانزہ فائرنگ کرکے قتل کردیا اور بعد ازاں پکڑے جانے کے خوف سے خود کو گولی مار لی۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔ دریں اثنا دیگر واقعات میں گھریلوجھگڑوں اور حالات سے دلبرداشتہ خاتون سمیت 4 افراد نے خودکشی کرلی۔ لاہور میں نوانکوٹ کے علاقے جھگیاں ناگرہ کے 35 سالہ شکیل نے بیروزگاری سے دلبرداشتہ ہو کر پنکھے سے رسی لٹکا کر پھندا لے لیا۔ حافظ آباد کے نواحی قصبہ مصطفی آباد میں اظہر نے بھائی سے لین دین کے جھگڑے پر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ فیصل آباد میں 25 سالہ نصرت بی بی نے گھریلو جھگڑے پر زہر نگل لیا۔ کامونکے کے سیٹلائٹ ٹائون کا ناصر رسول شوگر کے مرض میں مبتلا ہوکر عرصہ دراز سے بے روزگار تھا گھر میں فاقوں کی نوبت آ گئی گزشتہ روز ناصر رسول نے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھالیں۔