بلوچستان حکومت کے 2 وزراء کا محکمے لینے سے انکار وزارتیں نہ ملنے والے ارکان بھی ناراض ،پی ٹی آئی کا بی اے پی کے روئیے کیخلاف وزیراعظم سے ملاقات کا فیصلہ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان حکومت میں شامل 2 صوبائی وزراء نے محکمے لینے سے انکار کر دیا جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کئی ارکان وزارتیں نہ ملنے پر بھی وزیراعلیٰ سے ناراض ہیں۔ ذرائع کے مطابق 10 وزراء نے حلف اٹھایا جبکہ من پسند محکمے نہ ہونے کے باعث کئی وزراء آج بھی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تمام تر کوششوں کے بعد 8 وزراء اور ایک مشیر نے قلمدان لے لئے تاہم بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو وزراء سردار صالح بھوتانی اور میر سرفراز چاکر ڈومکی کو وزارتیں دی گئیں مگر وہ محکمہ لینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی بھی ناراض ہیں کہ انکو وزارتیں نہیں دی گئیں اگر آئندہ مرحلے میں وزارتیں نہ دی گئیں تووہ اراکین اسمبلی فارورڈ بلاک بنائیں گے۔ دوسری طرف تحریک انصاف کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبے میں روئیے کے خلاف چیئرمین عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی کابینہ اور صوبائی کونسل نے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکیا اور بلوچستان عوامی پارٹی پر شدید تحفظات و ناراضی کا اظہارکیا، کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی نے الیکشن میں ہماری مخالفت کی اور ہر جگہ ہماری مخالفت میں امیدوار کھڑے کئے آج بلوچستان عوامی پارٹی ہماری اتحادی بن گئی ہے جس پر شدید تحفظات ہیں۔