پی ٹی آئی میں شامل ہوکر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی: فاروق ستار
کراچی(صباح نیوز) ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوکر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی،این اے 247 سے عارف علوی جیت گئے اور مجھے ہرایا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صدر منتخب ہونے پر عارف علوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این اے 247 سے عارف علوی جیت گئے اور مجھے ہرایا گیا، اب امید ہے عارف علوی کراچی کی بھلائی کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم سندھ کے شہری علاقوں کی اہم ترین جماعت ہے، سندھ کے مسائل کے حل کے لیے ایم کیوایم کا اہم کردار ہے، گورنر سندھ پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے اتحاد کو قائم رکھنے کے لیے اقدامات کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے کئی فیصلوں میں مجھے شامل نہیں کیا گیا یا میں خود نہیں ہوا لیکن دلبرداشتہ نہیں ہوں جبکہ علی رضا عابدی نے رابطہ کمیٹی سے دلبرداشتہ ہو کر استعفیٰ دیا، اب بھی وقت ہے انہیں منانا چاہیے اور ایم کیوایم اپنی صفوں کو درست کرے، غلطیوں کا ازالہ کرے۔فاروق ستار نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف میں شامل ہوکر عارف علوی کی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے کی پیشکش ہوئی ، پی ٹی آئی کے مشترکہ دوستوں نے مجھے ضمی انتخاب لڑنے کی دعوت دی لیکن کبھی ایم کیوایم چھوڑ کر کسی اور جماعت میں نہیں گیا۔شرجیل میمن واقعہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ شراب کی بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل کہاں سے آیا؟