مقبوضہ کشمیر: بھار تی فوج نے ایک اور کشمیری کو شہید کر دیا‘ نوجوان کی شہادت پر ہڑتال‘ مظاہرے جاری
سری نگر(کے پی آئی، اے این این‘بی بی سی) بھارتی فوج نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے راجوری سیکٹر میں ایک نوجوان کو گولی مارکر شہید کر دیا ہے ۔ ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فوج نے مارے جانے والے شخص کی نعش پولیس کے حوالے کردی ہے۔نعش کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی۔بھارتی فورسز کی طرف سے راجوری کے سرحدی علاقے نوشہر ہ میں ایل او سی پر تلاشی آپریشن شروع کیاگیاہے ۔ فوج اور پولیس کی طرف سے مشترکہ تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔حاجی ڈار پورہ علاقے میں بھارتی فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک غیر ریاستی مزدور شدید زخمی ہو گیا ۔ پولیس نے دعوی کیا کشتواڑ سے حزب المجاہدین کے توصیف احمد المعروف ابو بکر کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ بھارتی فوج کی محاصرے اور تلاشی مہم کی آڑ میں نہتے شہریوں کے قتل ، تشدد اور ہراساں کرنے کی مہم کے خلاف سری نگر میں لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جامع مسجد سرینگر سے حریت پسند رہنمائوں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے یاسین ملک کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع پلوامہ کے علاقے چیوہ کلاں میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 22سالہ نوجوان فیاض احمد وانی کی ہلاکت کیخلاف پلوامہ میں بدھ کو تیسرے روز بھی مکمل ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں یہاں تمام کارو باری ،تجارتی اور تعلیمی سر گر میاں مسدود ہو کر رہ گئیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی ۔اس دوران مختلف علاقوں میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئی جن میں مشتعل مظاہرین نے بھارتی فورسز پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں بھارتی فوج کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ریاستی حکومت نے ہتھیاروں کے لائسنس سکینڈل کی تحقیقات مرکزی تفتیشی ایجنسی بی آئی کے سپرد کرنے کی سفارش کی ہے ۔ راجستھان کے انسداد دہشت دستے کی تحقیقات میں جموں کشمیر کے کچھ آئی اے ایس افسران کے نام سامنے آنے کے بعد ریاستی سرکار نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے خاص طور پر جنوبی اضلاع میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران نہتے شہریوں کے قتل ، مارپیٹ اور جبر وا ستبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قراردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے میں ناکامی کیوجہ سے سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے لہذا وہ اب انہیں شدید انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا مکال بائیکاٹ کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔بھارتی فوج کی کورٹ آف انکوائری نے مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے میجر لتل گگوئی کیخلاف قواعد و ضوابط میں نظم شکنی کا مرتکب ٹھہرا کر اسکے خلاف کورٹ مارشل کی سفارش کی ہے۔ نئی دہلی میںبھارتی فوجی سر براہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ میجر لتل گگوئی کو اسکے جرم کے مطابق سزا ملے گی۔ بی بی سی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال عسکریت پسندوںکے ہاتھوں31 پولیس اہلکار مارے گئے۔بی بی سی کے مطابق ریاستی پولیس فورس بغاوت کا بوجھ برداشت کر رہی ہے؟اس خطے میں تشدد بڑھنے کے بعد سے پولیس اہلکار جن میں متعدد مقامی مسلمان پولیس اہلکار شامل ہیں سب سے آسان ہدف ہیں۔اعدادو شمار کے مطابق رواں برس حریت پسندوں کے ہاتھوں 31 پولیس اہلکار مارے گئے، اہلکار اشرف ڈار کو عیدالاضحیٰ کے دن قتل کیا گیا۔