• news

افغان شہری رکن بلوچستان اسمبلی منتخب، الیکشن کمشن نے وزارت داخلہ اور نادرا کو الگ الگ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے مبینہ طور پر افغان شہری کے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے کے معاملے پر وزارت داخلہ اور نادرا کو الگ الگ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ معاملے پر ممبر سندھ عبد الغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی، پی بی 26 سے کامیاب امیدوار احمد علی کے وکیل ربیع بن طارق الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ وزارت داخلہ اور نادرا حکام بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، وزارت داخلہ نے احمد علی سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی، الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو جامع رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی جبکہ نادرا سے بھی احمد علی سے متعلق الگ رپورٹ طلب کرلی۔ ممبر خیبر پی کے نے کہا کہ ریکارڈ بتا رہا ہے احمد علی نے پہلے بھی الیکشن میں حصہ لیا ہے۔ اس وقت کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا گیا، کیا نادرا ان چیزوں کا ذمہ دار نہیں ہے؟ وزارت داخلہ نے احمد علی سے متعلق جامع رپورٹ جمع کرانے کیلئے 2 ہفتوں کا وقت مانگ لیا، احمد علی کے وکیل ربیع بن طارق نے کہا کہ 25 دن سے ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا گیا ہے۔ احمد علی اس وقت پاکستان کا شہری ہے ۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور نادرا کو جامع رپورٹ جمع کرا نے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن