ملک بھر میں یوم ختم نبوت آج جوش و جذبہ کیساتھ منایا جائیگا‘ چناب نگر میں عالمی کانفرنس ہو گی
لاہور+چنیوٹ ( سپیشل رپورٹر +نامہ نگار + نمائندہ خصوصی ) ملک بھر میں یوم دفاع ختم نبوت آج بروز جمعہ منایا جائے گا، ختم نبوت کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جائیں گی، 7ستمبر 1974ءکو قومی اسمبلی نے تاریخ ساز آئینی ترمیم پاس کرکے قادیانیوں کو کافر قرار دیا تھا، 1974ءمیں وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں قومی اسمبلی میں تمام جماعتوں نے قادیانیوں کو غیرمسلم قرار دینے کی آئینی ترمیم کی حمایت کی۔ اسمبلی میں قادیانیوں کو اپنے دفاع کا بھرپور موقع دیا گیا مگر وہ اپنے آپ کو مسلمان ثابت نہ کرسکے۔ جس پر قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم پیش کی گئی جو شام پانچ بج کر باون منٹ پر پاس کرلی گئی اور مسئلہ قادیانیت کو ہمیشہ کے لیے حل کرلیا گیا۔ قرارداد پاس ہونے کے بعد وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہا قومی اسمبلی کے فیصلے نے قادیانی مسئلہ کو ہمیشہ کے لئے طے کردیا، دوسرے مسائل بھی اسی جذبے سے طے ہونے چاہئیں۔ چنیوٹ‘ چناب نگر سے نامہ نگارنمائندہ خصوصی کے مطابق 31 ویں سالانہ عالمی ختم نبوت کانفرنس مرکز ختم نبو ت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر میںروایتی تزک و احتشام کے ساتھ آج ہو گی، چناب نگر میں منعقد ہونے والی سالانہ انٹر نیشنل ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات مکمل ہوگئے، پنڈال میں شامیانے لگا دیئے گئے۔ سٹیج اور پنڈال کوخوبصورت بینرز کے ساتھ سجا دیا گیا، جگہ جگہ خوبصورت جھنڈے اور بینرز لگا دیئے گئے، ریسکیو 1122 اور ایمبولینس، بم ڈسپوزل سکواڈ ودیگر محکمے کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے الرٹ، نازک ملکی حالات کے پیش نظر 450سے زائد سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں ختم نبوت کے رضاکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ ختم نبوت کے پروانے قافلوں کی شکل میں پہنچ رہے ہیں ، کانفرنس کے نگران اعلیٰ مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام تر انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا، ملک کے مختلف شہروں سے جماعتی ذمہ داران اور رضاکاران کے قافلے چناب نگر پہنچ گئے، کانفرنس کی پہلی تربیتی نشست سے کانفرنس کے نگران و منتظم اعلیٰ و انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی نائب امیر مولانا قاری شبیر احمد عثمانی ،مولاناقاری محمد سلمان عثمانی، مولانا قاری احسن رضوان نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے لئے تجدید عہد ہے کہ ہم قادیانیوں کو اس کانفرنس کے ذریعہ دعوت اسلام پیش کر تے ہیں‘ ختم نبوت کا تحفظ ہم پر لازم ہے۔ ان رہنماﺅں نے کہا ہالینڈ کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے مقابلہ منسوخی کے باوجود گستاخانہ کتاب کا شائع کرنا بدترین دہشت گردی ہے عالمی برادری اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرے، حکومت کی جانب سے قادیانی ڈاکٹر عاطف میاں کو اقتصادی کونسل کا مشیر بنانا بدترین قادیانیت نوازی ہے‘ انہوں نے کہا یہ کانفرنس مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ (مکہ مکرمہ) کی زیر صدارت منعقد ہورہی ہے۔کانفرنس کی کل پانچ نشستیں ہوں گی۔ پہلی نشست صبح 10بجے تا نماز جمعہ منعقد ہو گی جس میں ختم نبوت کے مبلغین و طلباءحضرات خطاب فرمائیں گے اور انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے جنرل سیکرٹری ورلڈ مولانا ڈاکٹر احمد علی سراج (مدینہ منورہ) خطبہ جمعہ ارشاد فرمائیں گے جبکہ دوسری نشست بعد نماز جمعہ منعقد ہو گی، جس کی صدرات مولانا عبدالحفیظ مکی، مولانا پیر غلام یاسین صدیقی (بہا ولپور) فرمائیں گے۔ تیسری نشست بعد نماز عصروقفہ سوالات و جوابات کی منعقد ہو گی۔ جبکہ چوتھی نشست بعد نماز مغرب مجلس ذکرکی منعقد ہو گی جس میں حضرت مولانا پیر غلام یاسین صدیقی (بہا ولپور) مجلس ذکر کرائیں گے اور اصلاحی بیان ہو گا، جبکہ پانچویں واختتامی نشست بعد نماز عشاءہوگی جس میں نامور علماءکرام مشائخ عظام، دانشور، وکلاءصحافی وطلباءحضرات خطاب فرمائیں گے۔لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق جمعیت علماءپاکستان سربراہ علامہ قاری زوار بہادر کی ہدایت پر جے یو پی آج (7ستمبر) جمعتہ المبارک کو ملک بھر میں ”یوم ختم نبوت“ منایا جائے گی۔ علماوخطبا خطابات جمعتہ المبارک میںمسئلہ ختم نبوت کے لئے جدوجہد کرنے والے غازیوں اور شہداءکو خراج تحسین پیش کریں گے۔
یوم ختم نبوت