• news

گھریلو حالات سے دلبرداشتہ 5 خواتین سمیت 9 افراد کی خودکشی

شاہ کوٹ، شورکوٹ، دریا خان، اوکاڑہ، نارووال (نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی) مختلف شہروں میں گھریلو تنازعات سے دلبرداشتہ 5 خواتین سمیت 9 افراد نے خودکشی کر لی۔ تفصیل کے مطابق شاہکوٹ کے نواحی گاؤں نظام پورہ میں افضل جٹ کا کسی بات پر بیوی سے جھگڑا ہوا تو اس کی بیوی نے اپنے آپ کو کمرے میں بند کرکے خود کو گولی مار لی۔ فیصل آباد بھوآنہ کے علاقہ ٹھٹھہ امام شاہ کی رہائشی بیس سالہ دولت بی بی نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں‘ احمد پور سیال کے رہائشی اٹھارہ سالہ حاجی محمد نے جھگڑے پر کالا پتھر نگل لیا‘ چنیوٹ کی 33سالہ حلیمہ بی بی نے گھریلو ناچاقی پر سپرے پی لیا۔ 482ج۔ب کی بائیس سالہ صبا نے خاوند سے جھگڑنے کے بعد زہر نگل لیا جنہیں تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں جانبر نہ ہو سکیں۔ شورکوٹ کے نواحی علاقہ چک نمبر 489میں گھریلو جھگڑے پر شادی شدہ خاتون نے مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ لی جس سے جھلس کر وہ جاں بحق ہو گئی۔ دریا خان کے نواحی علاقہ ڈگروا گہورہ کے 16 سالہ عرفان نے گزشتہ روز گھریلو ناچاقی پر کالا پتھر پی لیا، ہسپتال میں ہی دم توڑ گیا۔ اوکاڑہ کے نواحی علاقہ حویلی لکھا میں ایوب نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ متوفی گھریلو حالات سے دل برداشتہ تھا۔ نارووال میں موضع دھدوڑے کے ندیم کے گھر اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس سے تنگ آکر اس کی بیوی (ن) گلے میں رسی ڈال کر پنکھے سے لٹک گئی، لاہور میو ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ سکی۔

ای پیپر-دی نیشن