جنگ ستمبر کے شہدا نے ملکی بقا کیلئے جانیں قربان کیں: ڈاکٹر مسعود ربانی
لاہور (پ ر) یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں گزشتہ روز ’’یوم دفاع پاکستان‘‘ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ دفاع پاکستان کے سلسلے میں یونیورسٹی آڈیٹوریم ہال میں سیمینار کا انعقاد ہوا جس کی صدارت پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی نے کی جبکہ دیگر اہم شخصیات میں یونیورسٹی کے سینئر ٹیوٹر پروفیسر ڈاکٹر کامران اشرف کے علاوہ طلبا و طالبات، فیکلٹی ممبران اور سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں طلبہ نے ملی نغمے، تقریریں پیش کیں جبکہ آئی ایس پی آر کی دفاع پاکستان کے موضوع پر بنائی گئی شارٹ ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ سیمینار کا مقصد پاکستانی افواج کی گراں قدر خدمات کے بارے میں نئی نسل کوآگاہ کرنا اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جام شہادت نوش کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود ربانی نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں ہمارے جوانوں نے ملکی سلامتی کے لئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے کہ آج ہم ایک آزاد ملک کے شہری ہیں۔